کولمبو//معاشی بحران کے درمیان مزید مظاہروں کے پیش نظر سری لنکا کے وزیر اعظم رانیل وکرماسنگھے نے قائم مقام صدر کے طور پر اقدام اٹھاتے ہوئے ملک میں ایمرجنسی کا اعلان کردیا جبکہ سری لنکن صدر گوٹابایا راجاپکسے مالدیپ فرار ہوگئے۔ رانیل وکرماسنگھے کے میڈیا سیکریٹری نے بتایا کہ وزیر اعظم نے بطور قائم مقام صدر ملک بھر میں ہنگامی حالت کا اعلان کیا ہے اور مغربی صوبے میں کرفیو نافذ کر دیا ہے۔سری لنکن وزیر اعظم کی جانب سے اعلان کے بعد کرفیو فوری طور پر نافذالعمل ہے۔جیسے ہی معاشی بحران کے شکار ملک کے صدر کی پرواز کی خبر پھیلی، ہزاروں لوگ کولمبو میں مرکزی احتجاجی مقام پر جمع ہوئے اور صدر کے خلاف ان کا نام لے کر ‘چور، چور کے نعرے لگائے۔ان مظاہرین کے علاوہ سیکڑوں دیگر افراد نے وزیر اعظم کے دفتر پر دھاوا بول دیا، مظاہرین نے وزیر اعظم رانیل وکرماسنگھے کے استعفے کا مطالبہ کیا۔صدر کے فرار ہونے سے طاقتور راجاپکسے خاندان کی حکمرانی کا خاتمہ ہو گیا ہے جو گزشتہ 2 دہائیوں سے جنوبی ایشیائی ملک کی سیاست پر حاوی تھی۔