سرینگر//لالچوک ٹریڈرس ایسوسی ایشن کے کئی وفود نے کل صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان کے ساتھ ملاقات کی۔اس موقعہ پر ایڈیشنل کمشنر کشمیر ،کمشنر ایس ایم سی،چیف انجینئر پی ڈی ڈی،ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ،چیف انجینئر یو ای ا ی ڈی،جنرل منیجر سٹیٹ بنک آف انڈیا ،ایس پی ایسٹ اوراسسٹنٹ کمشنر کے علاوہ لالچوک ٹریڈرس ایسوسی ایشن کے نمائندے اور دیگر متعلقہ آفیسران بھی موجود تھے۔اس دوران صوبائی کمشنر کو ڈرینیج مسائل،ناکارہ لائٹوں اور خستہ حال فٹ پاتھوں،ایس بی آئی کے ساتھ پارکنگ جگہ،بلیک ٹاپنگ،آٹورکھشائوں کی غیر قانونی پارکنگ ،فلڈ ریلیف اورصفائی ستھرائی کے علاوہ دیگر مسائل کے بارے میں جانکاری دی گئی۔صوبائی کمشنر نے وفود کے مسائل غور سے سُنے اور انہیں یقین دہانی کرائی کہ یہ مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔صوبائی کمشنر نے ایس ایم سی کو دودنوں کے اندر اندر سکشن مشینری کام پر لگاکر بند بڑی ڈرینیج کو کھولنے کی ہدایت دی۔انہوںنے لالچوک علاقے میں صفائی ستھرائی کے لئے بھی مزید اقدامات کرنے کی ہدایت دی تاکہ سیاحوں کو پریشانیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔بصیر احمد خان نے چیف انجینئر پی ڈی ڈی کو علاقے میں ایل ای ڈی لائٹس نصب کرنے اور ناکارہ بجلی لائنوں کی مرمت کے لئے فوری اقدامات کرنے پر زوردیا۔صوبائی کمشنر نے ایس پی ایسٹ کو غیر قانونی جگہوں پر پارکنگ کرنے والے آٹورکھشاڈرائیوروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔بصیر احمد خان نے کہا کہ علاقے میں بلیک ٹاپنگ کاکام اپریل کے آخر میں شروع کیا جائے گا ۔انہوںنے مزید کہا کہ سیلاب ریلیف کا معاملہ این ڈی آر ایف کے ساتھ اُٹھایا جائے گا تاکہ ریلیف کی باقی ماندہ رقم کو فوری طور واگذار کیاجاسکے۔