عاصف بٹ
کشتواڑ//حالیہ بارشوں کے بعد قومی شاہرہ 244کی بھنڈارکوٹ کے مقام پرخستہ حالت ایک بار پھر منظر عام پر آ گئی ہے جہاں متعدد گاڑیاں سڑک پر جمع کیچڑ میں پھنس گئیں جس سے ٹریفک نظام میں بری طرح متاثر ہوااور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ مقامی ذرائع کے مطابق مسلسل بارشوں و انتظامیہ کی عدم توجہی کے سبب بعد سڑک کی حالت اس قدر خراب ہو گئی کہ کئی مقامات پر گاڑیاں کیچڑ میں دھنس گئیں اور گھنٹوں تک پھنسی رہیں۔ سڑک پر سفر کرنے والے ڈرائیور و مسافر اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر سفر کرتے ہیں جبکہ حالیہ بارشوں سے سڑک پر کیچڑ جمع ہوئی ہے اور ڈرائیوراپنی مدد آپ کے تحت گاڑیوں کو نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں، جبکہ سڑک پر پھسلن اور پانی جمع ہونے کی وجہ سے صورتحال مزید خطرناک ہو گئی ہے۔علاقہ مکینوں اور مسافروں کا کہنا ہے کہ یہ مسئلہ نیا نہیں بلکہ ہر بار بارش کے بعد یہی صورتحال پیدا ہو جاتی ہے۔ سڑک کی ناقص تعمیر اور مناسب نکاسی آب نہ ہونے کی وجہ سے کیچڑ اور پانی جمع ہو جاتا ہے، جس سے نہ صرف ٹریفک متاثر ہوتی ہے بلکہ حادثات کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بھی این ایچ 244پر شدیدبارشوں اور خراب موسمی حالات کے باعث کئی گاڑیاں پھنس چکی ہیں، جس سے اس اہم شاہراہ کی کمزور حالت واضح ہوتی ہے۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ اور متعلقہ محکموں سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر سڑک کی مرمت اور بہتر نکاسی آب کا نظام قائم کیا جائے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے مسائل سے بچا جا سکے۔