فٹ بال ورلڈ کپ شائقین کیلئے کورونا ویکسی نیشن کی شرط ختم

دوحہ// قطر حکومت نے قطر میں رواں برس ہونے والے فٹ بال ورلڈ کپ میں لاکھوں شائقین کے لیے کورونا وائرس ویکسینیشن کی شرط ختم کردی گئی۔ قطر کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ اگر کورونا کے کیسز میں دوبارہ اضافہ ہوا تو کھلاڑیوں اور میچ انتظامیہ کو ‘بائیو ببل’ میں رہنے پر مجبور کیا جاسکتا ہے جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کو ٹورنامنٹ سے باہر کیا جاسکتا ہے ۔یاد رہے کہ 2019 میں کورونا وبا پھیلنے کے بعد 29 روزہ فیفا ورلڈ کپ ٹورنمنٹ شائقین کے لیے پہلا بڑا عالمی ایونٹ ہوگا، قطر میں فٹ بال کے عالمی مقابلے 20 نومبر سے شروع ہوں گے ، عالمی وبا کی وجہ سے دنیا بھر میں 60 لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔قطری منتظمین نے پیش گوئی کی ہے کہ 10 لاکھ سے زائد شائقین اس ایونٹ میں شرکت کریں گے ۔فٹ بال کی عالمی گورننگ باڈی فیفا کا کہنا تھا کہ ‘یہ ایک میگا ایونٹ ہوگا جو اس بات کی علامت ہوگا کہ دنیا سے کووڈ کی شرح میں کمی آگئی ہے ’۔ہیلتھ گائیڈ لائنز کے مطابق 6 برس سے زائد عمر کے شائقین فٹ بال کو قطر کی پرواز لینے سے قبل کورونا وائرس منفی آنے کی رپورٹ دکھانا ہوگی۔ دوسری جانب ورلڈ کپ کے قواعد کے حوالے سے قطر کی وزارت صحت نے خبردار کیا ہے کہ ملک میں وبائی امراض کے پیش نظر ایونٹ کے دوران خصوصی اقدامات یقینی بنائے جائیں گے ۔وزارت صحت کا کہنا تھا کہ ‘کورونا کی صورت حال فی الحال کنٹرول میں ہے ، شائقین کے لیے ویکسینیشن کی لازمی شرط ختم کردی گئی ہے ’۔قطر کی سپریم کمیٹی کے مطابق شائقین کو پبلک ٹرانسپورٹ میں ماسک پہننا لازمی ہوگا لیکن حکام کی جانب سے دوحہ کے 8 اسٹیڈیمز میں (جہاں میچ کھیلے جائیں گے ) ماسک کے استعمال کی سفارش کی گئی ہے ۔بیان میں کہا گیا کہ ‘ وزارت صحت کے رہنما اصولوں کے مطابق قطر میں کورونا کا شکار ہونے والے افراد کو قرنطینہ کیا جائے گا’۔وزارت صحت کے اعدادو شمار کے مطابق قطر میں کووڈ-19 سے 4 لاکھ 40 ہزار سے زائد شہری متاثر ہوئے جبکہ 692شہریوں کی اموات رپورٹ ہوئیں۔