سرینگر// عید میلاد النبیؐ کی اختتامی تقریب سعید پر آثار شریف درگاہ حضرت بل میں ایک بار پھر ہزاروں لوگوں کا اجتماع منعقد ہوا۔اس دوران موسم خوشگوار رہنے کی بدولت بھی لوگوں کا بھاری رش دیکھنے کو ملا اور فرزندان توحید نماز جمعہ کے بعددیدار ِموئے مقدسؐ سے فیضیاب ہوئے۔ اختتامی تقریب وادی کے خانقاہوں میں میں منائی گئی، جہاں نماز جمعہ کے بعد درود واذکار کی مجالس آراستہ ہوئیں اور جموں کشمیر کے امن کیلئے دعائیں مانگی گئیں۔جمعتہ الوداع کی سب سے بڑی اختتامی تقریب درگاہ حضرتبل میں منعقد ہوئی جہاں شہر سرینگر سمیت وادی کے اطراف واکناف سے ہزاروں کی تعداد میںلوگ حضرت بل میں جمع ہوئے ۔اسکے علاوہ آثار شریف کعبہ مرگ، جناب صاحب صورہ،پنجورہ، تاریخی جامع مسجد شوپیان، کھرم سرہامہ، تجر شریف، خانقاہ فیض پناہ ترال، آثار شریف شہری کلاشپورہ، خانقاہ معلی اور وادی کے دیگر علاقوں میں بڑے خانقاہوں میں لوگوں کی کثیر تعداد نے موئے مقدسؐ کا دیدار کیا۔ درگاہ حضرت بل میں کئی ایک مقامات پر زائرین کے لئے ایس آر ٹی سی کی گاڑیاں وقف رکھی گئیں تھیںجو زائرین کو درگاہ حضرتبل لانے اور لیجانے کے لئے استعمال ہوئیں۔ رضاکار تنظیموں کی طرف سے لوگوں کیلئے مشروبات بھی دستیاب رکھی گئی تھیں۔ آثار شریف حضرتبل میں لوگوں کا اژدھام اُمڈ آیا جس میں بچے ،بزرگ،خواتین اور بچے شامل تھے۔ نماز جمعہ کے بعد موئے مقدسؐکی زیارت کی نشاندھی کی گئی تو لاکھوں ہاتھ فضا میں لہرائے اور اللہ اکبر کے نعروں سے حضرتبل کا پورا علاقہ گونج اٹھا ۔کعبہ مرگ اننت ناگ میں عید میلادؐکی اختتامی تقریب کے سلسلہ میں روح پرور مجالس کا اہتمام کیا گیا جس کے دوران لوگوںکی ایک بڑی تعداد تبرکات کے دیدار سے فیضیاب ہوئی۔ ادھر جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ کی ادائیگی کی اجازت ایک بار پھر نہیں دی گئی۔انجمن اوقاف نے ایک بیان میں کہا کہ جمعہ کی اذان سے قبل ہی حکام اور پولیس کی جانب سے جامع مسجد کو جبرا ًنماز جمعہ کیلئے بند رکھ کر مسلمانوںکو جمعہ کی ادائیگی سے روکا گیا۔