جموں// لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے سیکرٹریٹ میں محکمہ جموں صوبہ کے لئے جل شکتی گرمائی تیاریوںکا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔مشیر موصوف نے موسم گرما کے ساتھ مون سون سیزن کے دوران پانی کی فراہمی کے منظر نامے پر توجہ مرکوز کرنے والے محکمہ کا تفصیلی جائزہ لیا اور اس کے علاوہ گزشتہ میٹنگوں کے ایکشن ٹیکن رپورٹوں پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔اُنہوںنے کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر عوام کوخدمات کی فراہمی کے بارے میں خاص توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں ۔ مشیر موصوف نے افسران سے کہا کہ عوام کو مؤثر خدمات سرانجام دینے کے لئے عوامی خدمت محکموں کا عزم ہونا چاہئے۔اُنہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ فراہمی ، نتائج اور شکایات کے ازالے کے نظام پر توجہ دیں تاکہ لوگوں کو کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔میٹنگ کے دوران مشیر بھٹناگر نے اَفسران پر زور دیا کہ وہ لوگوں کو بلا تعطل پانی کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ اِس کے علاوہ کووِڈ۔ 19 کے اہم اَوقات میں صارفین کو پینے کے پانی کی اِضافی فراہمی کے لئے ہر ممکن انتظامات کریں۔اُنہوں نے اَفسران سے کہا کہ وہ عوام کے مشکلات کو دورکرنے کے لئے چوبیسوں گھنٹے شکایت کے ازالے کے طریقۂ کار پر عملی اِقدامات کریں۔مشیر بھٹناگر نے افسران پر زور دیا کہ سپلائی کی بحالی ، ہیلپ لائن نمبروں پر موصولہ شکایات کی نگرانی ، اہم اجزأکا ذخیرہ رکھنا ، ورکشاپوںکو فعال بنانا ، پانی کی فراہمی کے معیار کو بہتر بنانا اور تلچھٹ کے مسائل حل کرنے کو یقینی بنائیں۔ اُنہوں نے افسران سے پینے کے پانی کی فراہمی کی بڑھتی ہوئی طلب کے خلا کو پُر کرنے کے لئے ٹینکروں کا مؤثر استعمال کو بھی یقینی بنایا جائے۔ موسم گرما میں اِضافی پانی کی فراہمی کی ضرورت پر روشنی ڈالتے ہوئے مشیرموصوف نے محکمہ کو ہدایت دی کہ ایک ایسا طریقۂ کار وضع کیا جائے جس کے تحت علاقوں میں صارفین کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے جس کی موسم گرما میں اِضافی مانگ ہوتی ہے۔مشیر بھٹناگر نے افسران سے کہاکہ گزشتہ برس کے مقابلہ میں مختلف سرگرمیوں کو عملی جامہ پہنانے کے منصوبے میں واضح بہتری ہونی چاہئے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ مشینری اور دیگر ضروری سازوسامان کو برقرار رکھنے اور مؤثر استعمال کے لئے پیشگی خدمت کی جانی چاہئے۔اُنہوں نے متعلقہ سپراِنٹنڈنٹ انجینئروں کو ہدایت دی کہ وہ مختلف کاموں پر عملدرآمد سے متعلق ماہانہ پیش رفت رپورٹوں کو پیش کریں۔