سانبہ// جموں وکشمیر میں فوری اسمبلی انتخابات کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے اپنی پارٹی صوبائی صدر اور سابقہ وزیر سردارمنجیت سنگھ نے اس بات پرزور دیاکہ موجودہ حکومت کی جگہ جمہوری نظام بحال کرنے کی ضرورت ہے۔ سیاسی وابستگیوں سے بالاترہوکرعلاقائی سیاسی جماعتوں کی طرف سے انتخابات کرانے کی اپیل کرنے کے باوجود انتظامیہ لیت ولعل کا مظاہرہ کر رہی ہے۔موصوف تحصیل رام گڑھ کے گاوں پکھڑی میں پارٹی لیڈران کی میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے۔منجیت سنگھ نے کہاکہ موجودہ یوٹی انتظامیہ کی حکمرانی میں جموں وکشمیر کے لوگ سخت پریشان حال ہیں جنہیں کئی قسم کی مشکلات کا سامنا ہے۔ منتخب نمائندگان کے ذریعے مسائل کے حل کا موقع فراہم نہ کرنے پر لوگوں میں غم وغصے کی لہر ہے۔ بیروکریسی لوگوں کی توقعات پر کھرا اْترنے میںناکام ہورہی ہے اور سرکاری حکام میں جوابدہی نہیں۔ لوگ سرکاری دفاتر میں جانے سے بھی اجتناب برتتے ہیں۔بیک ٹو ولیج پروگرام بے معنی رہے ، کیونکہ اِس میں لوگوں نے جو مطالبات وزیٹنگ آفسر کی نوٹس میں لائے تھے، اْنہیں حل نہ کیاگیا۔ بیک ٹو ولیج پروگرام میں جن افسران نے حصہ لیا، اْن کے پاس کوئی اختیارات نہیں تھے، صرف کاغذی کارروائی کی جنہیں حکومت نے ردی کی ٹوکری میں ڈال دیا۔پچھلے چاربرسوں میں بے روزگاری، سرکاری نوکوریوں میں غیر منصفانہ سلیکشن عمل، قدرتی وسائل کی نکاسی کے ٹینڈر غیر مقامی افراد کو دینے، کان کنی معاملات، شراب کی دکانیں، منشیات کی بڑھتی وباء، بے گھر افراد کے مسائل، سرحدی گائوں اور کسانوںکے مسائل ہیں، جن پر حل کرنے پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔انہوں نے کہاکہ اِن مسائل کا حل تبھی ممکن ہوسکتا ہے جب جموں وکشمیر میں الیکشن ہوں گے۔ الیکشن کمیشن کو چاہئے کہ بلاتاخیر الیکشن کی تاریخوں کا اعلان کرے۔