عوام نے کانگریس اور خاندانی سیاست کو مسترد کیا مودی کی قیادت والی حکومت میں ہر طبقہ کو انصاف ملا:ترون چگ

عظمیٰ نیوز سروس

جموں //بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری اور پربھاری جے اینڈ کے ترون چگ نے بی جے پی کے جموں ساؤتھ، جموں بارڈر کے بی جے پی ہیڈکوارٹر، تریکوٹہ نگر اور سالہار، بشنا میں بوتھ سمیلان کی ایک سیریز کی صدارت کی۔ترون چْگ نے ان سمیلن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت میں بے مثال ترقی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے لوگوں کے لئے مواقع کے دروازے کھول دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت میں ہر کمیونٹی کو انصاف ملا ہے اور ترقی کے ثمرات سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے کانگریس اور دیگر پارٹیوں کی حکمرانی دیکھی ہے اور غلط حکمرانی اور خاندانی سیاست کو فروغ دینے کے لئے ان پارٹیوں کو یکسر مسترد کرنے کا ذہن بنا لیا ہے۔ انہوں نے پارٹی کیڈر سے کہا کہ وہ ان دنوں کے دوران گھر گھر رابطہ پروگرام میں ہر ایک ووٹر سے رابطہ کریں اور جمہوریت کو مضبوط کرنے اور ترقی کو فروغ دینے کے لئے ووٹ دینے کی اپیل کریں۔ترون چْگ نے شکتی کیندر کے پرمکھوں اور بوتھ صدروں کو ہدایت دی کہ وہ ان چند دنوں کا پورا وقت اپنے علاقوں کے ووٹروں سے رابطہ کرنے کیلئے وقف کریں۔ انہوں نے ان سے کہا کہ وہ جموں ریاسی پارلیمانی حلقہ سے بی جے پی کے ایم پی امیدوار جوگل کشور شرما کے حق میں زیادہ سے زیادہ ووٹنگ کو یقینی بنانے کے لئے احتیاط سے منصوبہ بندی کریں۔ترون چگ نے پارٹی کارکنوں سے کہا کہ وہ لوگوں تک پہنچیں اور انہیں بتائیں کہ پہلے ووٹ ڈالیںکیونکہ جمہوری عمل میں حصہ لینا ہر شہری کا اولین فرض ہے۔ انہوں نے پارٹی کیڈر سے کہا کہ وہ اپنے پولنگ اسٹیشنوں پر سو فیصد ووٹنگ کا ہدف بنائیں۔اشوک کول نے ان میٹنگوں سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کیڈر سے کہا کہ وہ ووٹر لسٹوں اور دیگر انتخابی مواد کا بغور جائزہ لیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ پولنگ کے دن کے تمام انتظامات پہلے سے ہی مکمل ہو جائیں۔