عمران ملک کو ٹیم انڈیا میں نہیں منتخب کئے جانے پر سابق آسٹریلیائی لیجنڈ ناراض

سڈنی //ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 16 اکتوبر سے آسٹریلیا میں شروع ہو رہا ہے۔ بی سی سی آئی نے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ رویندر جڈیجہ اور جسپریت بمراہ پہلے ہی چوٹ کی وجہ سے ٹیم سے باہر ہو چکے ہیں۔ ٹیم انڈیا کی ڈیتھ بولنگ اب بھی ایک مسئلہ ہے۔ ادھر آسٹریلیا کے سابق لیجنڈ بریٹ لی نے ہندستانی تیز گیند باز عمران ملک کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اسکواڈ میں منتخب نہ کرنے پر سلیکٹرز پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔ انڈیا ٹوڈے سے بات کرتے ہوئے بریٹ لی نے کہا، “میں عمران ملک کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اسکواڈ میں غیر موجودگی سے حیران ہوں۔ جموں و کشمیر کے اس تیز گیند باز کو تیز اور باؤنسی پچ پر کھیلتے ہوئے دیکھنا اچھا لگتا ہے۔ بریٹ لی نے لیجنڈ لیگ ٹورنامنٹ کے موقع پر کہا کہ میں عمران کو آسٹریلیا میں دیکھنا پسند کروں گا۔ انہیں ورلڈ کپ ضرور کھیلنا چاہئے۔ انہوں نے شاندار فارم میں موجود آسٹریلیا کے بہترین کھلاڑی کیمرون گرین کے انتخاب پر مزید ناراضگی کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا، ‘میں سمجھ نہیں پا رہا کہ کیمرون گرین ٹیم کا حصہ کیوں نہیں ہیں۔ عمران ملک نے آئی پی ایل 2022 میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے بعد اپنا انٹرنیشنل ڈیبیو کیا۔ انہوں نے اپنا پہلا میچ جون 2022 میں آئرلینڈ کے خلاف کھیلا تھا۔ عمران نے آئی پی ایل 2022 میں 22 وکٹیں حاصل کیں۔ عمران ڈیبیو میچ میں 1 اوور میں 14 رنز دے کر مہنگے ثابت ہوئے تھے جبکہ اگلے ہی میچ میں انہوں نے 1 وکٹ حاصل کیا۔