جموں // ضلع کانگریس کمیٹی جموں شہری کا ایک اجلاس زیر قیادت ضلع صدر وکرم ملہوترہ پارٹی کے صدر دفتر پر منعقد ہوا، جس میں پارٹی کے ضلع صدرکے علاوہ ضلع، بلاک اور وارڈوں کے عہدہ داروں اور کارپوریٹروں نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران مہاراشٹر کے گڈچرولی میں گزشتہ دنوں نکسلی حملہ میں ہلاک ہوئے سی آر پی ایف اہلکاروں کو زبر دست خراج عقیدت ادا کیا گیا ۔اس موقعہ پر شہید سی آر پی ایف اہلکاروں کے اعزاز میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ ضلع صدروکرم ملہوترہ نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے نوٹ بندی کی اور دعویٰ کیا کہ اس سے دہشت پسندوں اور نکسلیوں کے فنڈز بند ہو جائیں گیاور مزید کوئی دہشت پسند کارروائی نہیں ہوگی ۔انہوںنے کہا کہ دہشت گردی میں کمی آنے کے بجائے گذشتہ پانچ برسوں کے دوران دہشت پسندی۔نکسلی حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نوٹ بندی سے چھوٹے درجہ کی صنعتیں متاثر ہوئیں اور کسانوںکو کافی خسارہ ہوا ہے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے جے ایم سی کے مئیر اور ڈپٹی مئیر پر کانگریسی کارپوریٹروں کی جانب سے پیش کئے گئے ترقیاتی پروجیکٹوں کو مسترد کرنے کا الزام لگایا ۔اجلاس میں کرشن لعل گپتا، سریش بھگوترہ، گورو چوپڑہ، بی بی گپتا، رما کانت کھجوریہ ،مدن لعل ،پی ایس چوہان ، ٹھاکور رچھپال سنگھ،رام پرکاش مگوترہ، جیوتی وید، اشونی ہانڈا و دیگران شامل تھے۔