سرینگر//ضلع اسپتال پلوامہ میں خاتون کا کامیاب آپریشن کر کے مریضہ کے پیٹ سے ساڑھے تین کلو وزنی رسولی نکالی۔ منگل کی شام 6بجے پلوامہ سے تعلق رکھنے والی 55سالہ خاتون پیٹ میں شدید درد سے دوچار تھی۔ پلوامہ ضلع اسپتال میں تعینات ڈاکٹر محمد یوسف ٹاک نے بتایا ’’مریضہ کی حالت کو دیکھتے ہوئے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ نے ماہرین کی ایک ٹیم تشکیل دی ‘‘۔انہوں نے کہا ’’ ٹیم نے بغیر وقت ضائع کئے خاتون کی جراحی انجام دی اور دوران سرجری ڈاکٹروں نے خاتون کے پیٹ میں 3.5کلو وزنی رسولی(Cyst)موجود پائی‘‘۔ انہوں نے کہا ’’ خاتون شوگر بیماری میں بھی مبتلا تھی اور اس کی Cyst پیٹ میں الٹ گئی تھی ۔ ڈاکٹر ٹاک نے بتایا کہ خون کی سپلائی بند ہونے کی وجہ سے مریضہ سخت درد میں مبتلا تھی ۔ ڈاکٹر ٹاک کا کہنا تھا کہ ایسی مریضہ کو زیادہ دیر تک انتظار نہیں کراسکتے تھے اور اسلئے ایمرجنسی میں جراحی کرنے کا فیصلہ لیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں کی ماہر ٹیم نے جراحی شروع کی۔ ڈاکٹر یوسف کا کہنا تھا کہ جراحی مشکل لگ رہی تھی لیکن ڈاکٹروں کی انتھک محنت کی وجہ سے ہم خاتون کی جان بچانے میں کامیاب ہوئے ہیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ خاتون کی حالت کافی حدتک بہتر ہے۔ضلع اسپتال پلوامہ کے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر بی ایس تلہ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا’’ خاتون کو شام کے وقت اسپتال لایا گیا تھا اور ڈاکٹروں نے وقت پر جراحی انجام دیکر مریضہ کی جان بچائی ہے‘‘۔55سالہ خاتون کی جراحی انجام دینے والے ڈاکٹروں کی ٹیم میں ڈاکٹر محمد ایوب، ڈاکٹر انجم، ڈاکٹر یوسف ٹاک اور ڈاکٹر سعید مشتاق شامل تھے۔