اوڑی//اوڑی حدمتارکہ پر واقع صورہ نامی گائوں میںرابطہ سڑک اور دوسری بنیادی سہولیات کے فقدان کی وجہ سے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔یہ گائوں حاجی پیر سیکٹر میں بالکل حدمتارکہ پر واقع ہے۔ رابطہ سڑک نہ ہونے کی وجہ سے یہاں کی آبادی کو گھروں تک پہنچنے کے لئے چھ کلو میٹر ے قریب سفر پیدل طے کر نا پڑتا ہے۔ایک مقامی شہری محمد عثمان نے بتایا کہ انہوں نے کئی بار حکام سے رابطہ سڑک تعمیر کرنے کامطالبہ کیا لیکن کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔انہوں نے کہا کہ ہندو پاک افواج کے درمیان جنگ بندی معاہدے کے بعد سرحدیں خاموش ہیں جو خوشی کی بات ہے لیکن آرپار گولہ باری ہو یا دیگر صورتحال ،رابطہ سڑک نہ ہونے کی وجہ سے انہیں طرح طرح کے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ایک اور شہری نے بتایا کہ ان کے علاقے میں کوئی راشن گھاٹ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ نزدیکی گائوںموٹھل میں راشن گھاٹ قائم کیا گیا تھا لیکن کچھ عرصہ قبل وہ راشن گھاٹ بھی دوسری جگہ منتقل کیا گیا جس کی وجہ سے مسائل میں مزید اضافہ ہوگیا۔ اویس احمدنامی ایک نوجوان نے کہا کہ گائوں میں مواصولاتی نظام بھی صحیح نہیں ہے۔اویس کے مطابق انٹرنیٹ نہ ہونے کی وجہ سے وہ آن لائن تعلی نظام سے بھی محروم ہیں۔لوگوں کا کہنا ہے کہ گائوں میں قائم ہیلتھ سنٹرنامعلوم وجوہات کی بناء پر صورہ سے دوسری جگہ منتقل کیا گیا اور اگر کسی کومعمولی چوٹ آئے تو اس کو نامبلہ یا اوڑی لینا پڑتا ہے۔ واٹر سپلائی سکیم کا حال بھی خستہ ہے ۔مقامی آبادی کے مطابق2017میں کروڑوں روپے کی واٹر سپلائی سکیم واگزار ہونے کے باوجود ابھی تک مکمل نہیں ہوئی اور ٹھیکیدارکام ادھورا چھوڑ کر چلا گیا ہے۔لوگوں کے مطابق بجلی کا نظام اس قدر خستہ ہے کہ ترسیلی لائنیں اور کھمبے بوسیدہ ہیں جنہیں تبدیل نہیں کیا جاتا ہے۔مقامی لوگوں نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ، ڈپٹی کمشنر بارہمولہ اور سب ڈیوژنل مجسٹریٹ اوڑی سے گزارش کی ہے کہ ان کے مسائل کو حل کرنے کی طرف توجہ دی جائے ۔