سرینگر// نیشنل کانفرنس نے کووِڈ- 19 کی تشویشناک صورتحال سے نمٹنے میں حکومت کی غیر سنجیدگی پر زبردست برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ صرف اور صرف ذرائع ابلاغ اور سوشل میڈیا پر تشہیر بازی کیلئے لیپاپوتی پر مبنی اقدامات کررہی ہیں جبکہ زمینی سطح پر اس وبائی بیماری کی روک تھام کیلئے کوئی بھی ٹھوس اقدام نہیں کیا جارہا ہے۔ پارٹی کے ترجمان عمران نبی ڈار نے کہا کہ حکومت ایسا تاثر دینے کی کوشش کررہی ہے کہ سکولوں کو بند کرکے تمام خطرات ختم ہوگئے ہیں اور پارکوں و مارکیٹوں کے رش، کوچنگ سینٹروں اورسرکاری تقریبات کے اہتمام سے کووِڈ- 19 کا پھیلائو نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حقیقت تو یہ ہے کہ صرف سکولوں میں ہی کسی حد تک ایس او پیز پر عملدرآمد ہوتا ۔ اس کے علاوہ دور دراز اور دیہی علاقوں میں پہلے سے ہی مڈل سکولوں میں بچوں کی تعداد قلیل ہوتی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ صرف سکولوں کو بند کرنے کی منطق سمجھ سے بالاتر ہے کیونکہ کوچنگ سینٹروں، سرکاری دفاتر، سرکاری تقریبات، پارکوں اور سیاحتی مقامات پر کسی بھی قسم کی سماجی دوری یا دیگر ایس او پیز کا اہتمام نہیں ہوتا۔ این سی ترجمان نے کہا کہ حکومت کی بے حسی اور نااہلی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر دوسرے ہفتے میں داخل ہوگئی ہے لیکن ابھی تک لکھن پور اور قاضی گنڈ میں کسی بھی قسم کے تشخیصی مراکز کا قیام عمل میں نہیں لایا گیا اور ہزاروں کی تعداد میں لوگ زمینی راستے سے ٹیسٹنگ کے بغیر ہی جموں وکشمیر میں داخل ہورہے ہیں۔