صدفیصد بجلی اور صدفیصد ادائیگی | الیکٹرانک آلات سمجھداری سے استعمال کریں:چیف سیکریٹری

نیوز ڈیسک
جموں// چیف سیکریٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے اَفسران پر زور دیا کہ وہ لوگوں کو الیکٹرک آلات کے درست اِستعمال کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کی خاطر بڑے پیمانے پر مہم چلائیں۔ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے اَفسران کو تاکید کی کہ وہ عوام کو مختلف الیکٹرک آلات جیسے اے سی ، واٹر ہیٹر ، روم ہیٹر اور دیگر سے بجلی کی کھپت کے بارے میں مکمل طور پر واقف کریں تاکہ وہ ان آلات کو سمجھداری سے اِستعمال کریں۔ اُنہوں نے اَفسران سے کہا کہ وہ ہمارے نوجوانوں کی طاقت کو معاشرے میں تبدیلی کا چمپئن بنا کر لوگوں کے رویے کو بدلنے میں اِستعمال کریں۔اُنہوں نے مزیدکہا کہ جموںوکشمیر یوٹی میں مجموعی اے ٹی اینڈ سی نقصانات کو 20فیصد سے کم لایاجانا چاہیے۔اُنہوں نے صارفین کی بِلنگ سے متعلق شکایات کے اَزالے کے لئے ایک مناسب طریقہ کار پر زور دیا۔اُنہوں نے ان سے کہا کہ ڈیمانڈ سائیڈ مینجمنٹ کے لئے الیکٹرک ڈویژن وار اہداف طے کریں ۔اُنہوں نے ڈسٹربیوشن نقصانات میں کمی اور بجلی کنکشن کی میٹرنگ کے لئے بہتر نفاذ پر زور دیا۔چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے فلیٹ ریٹ کو کم بنانے پر بھی زور دیا تاکہ لوگ اَپنے بجلی کنکشن کو میٹرنگ پر ترجیح دیں ۔اُنہوں نے مشاہدہ کیا کہ زیادہ تر لوگ اَپنی کھپت کی قیمت اَدا کرنے کے لئے تیار ہیں ، نیا منتر صدفیصد ادائیگی اور صدفیصد بجلی کا ہونا چاہئے ۔ اُنہوں نے کہا کہ جو لوگ اَپنے واجبات باقاعدگی سے اَدا کرتے ہیں وہ چوبیس گھنٹے معیاری بجلی فراہم کرنے کے مستحق ہیں۔اُنہوں نے افسران پر مزید زور دیا کہ جموںوکشمیر یوٹی کے تمام شہری علاقوں کی سمارٹ میٹرنگ اِس برس اگست تک مکمل کی جائے ۔اُنہوں نے اَفسران سے کہا کہ وہ صارفین کی مناسب نگرانی کو یقینی بنانے کے لئے ہر حلقے میں انفورسمنٹ ٹیمیں تشکیل دیں۔پرنسپل سیکرٹری پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ راجیش پرساد نے اَپنی پرزنٹیشن میں بتایا کہ محکمہ آئندہ مالی برس کے دوران اے ٹی اینڈ سی نقصانات کو موجودہ 49 فیصد سے کم کر کے 41فیصد کرنے کا منصوبہ بنایا جسے مالی برس 2025-26ء تک مزید کم کرکے 20فیصد کیا جائے گا ۔