تہران // ایران میں 12ویں صدارتی انتخابات کے آغاز سے آدھا دن گذرچکا ہے مگر اس وقت تک ملک بھر میں الیکشن میں ووٹ ڈالنے کیلئے ایرانی عوام کی بڑی تعداد میں آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ایران بھر میں آج جمعے کے روز صبح آٹھ بجے سے انتخابات کے عمل کا آغاز ہوا اور یہ سلسلہ بغیر کسی رکاوٹ کے شام کے چھ بجے تک جاری رہے گا۔ایران کے الیکشن آفیس کے سربراہ 'علی اصغر احمدی' کے مطابق، اس دورے کے صدارتی انتخابات میں عوام کی شرکت دوسرے ادوار کے مقابلے میں کافی زیادہ ہے۔ملک بھر کے شہروں بالخصوص تہران میں ووٹ ڈالنے کیلئے مرد، خواتین، نوجوان اور بوڑھوں کی لمبی قطاریں دیکھنے میں آئیں۔ایرانی شہری آج شام چھ بجے تک ملک کے مختلف پولینگ اسٹیشنز میں اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکتے ہیں۔سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے تہران میں اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد ایرانی عوام سے کہا ہے کہ جتنا ہوسکے جلدی انتخابات میں اپنا ووٹ ڈالیں کیونکہ ملک کا مستقبل عوام کے ہاتھ میں ہے۔یاد رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران میں 12ویں صدارتی اور پانچویں دیہی-شہری اسلامی کونسلز کے انتخابات کے لئے رائے دہی کا آغاز جمعہ کی صبح سے ہوا ہے۔ایران بھر کے صوبوں، شہروں اور دیہی علاقوں میں ووٹروں میں خاصہ جوش خروش میں دیکھنے میں آرہا ہے۔ایران بھر میں صدارتی انتخابات کے لئے 63 ہزار 500 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں تا کہ ایرانی عوام اپنا حق رائے دہی استعمال کرتے ہوئے ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکیں۔ایران کی گارڈین کونسل کی جانب سے 6 حتمی امیدواروں کی اہلیت کی تصدیق کردی گئی تاہم میئر تہران محمد باقر قالیباف اور سنئیر نائب صدر اسحاق جہانگیری کے دستبردار ہونے کے بعد اب حسن روحانی ، سید ابراہیم رئیسی، سابق وزیر ثقافت سید مصطفی آقا میرسلیم اور سابق وزیر کھیل سید مصطفی ہاشمی طبا صدارتی انتخابات کے معرکے میں باقی ہیں۔ایران کے مرکزی الیکشن آفس کے سربراہ کے مطابق ملک میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں پانچ کروڑ 64 لاکھ سے زائد شہری قانونی شرائط کے مطابق اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرسکتے ہیں۔