گورنر کے مشیر کی پروجیکٹ کی جلد تکمیل پر زور
جموں//گورنر کے مشیر کے کے شرما نے ریاست کے دو دارالخلافائی شہروں جموں اور سری نگر میں سیوریج نیٹ ورک پروجیکٹوں کی جلد از جلد تکمیل پر زور دیا ہے تاکہ ماحولیاتی مسائل کو حل کیا جاسکے۔مشیر موصوف نے ان باتوں کا اِظہار ایک میٹنگ کے دوران کیا جو ریاست میں این بی سی سی کے ذریعے سیوریج ٹریٹمنٹ پروگرام کی عمل آوری کا جائزہ لینے کے لئے طلب کی گئی تھی ۔میٹنگ میں بتایا گیاکہ سری نگر اور جموں کے لئے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ پروجیکٹوں کو مرکزی حکومت نے منظور ی دی ہے جن پر بالترتیب 132.92 کروڑ روپے اور 129.23کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔اس دوران سری نگر پروجیکٹ کے لئے 108.85 کروڑ روپے واگزار کئے گئے ہیں جس میں سے اب تک 96.70کرو ڑ روپے خرچ کئے جاچکے ہیں ۔ میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ سری نگر سیوریج پروجیکٹ کی گنجائش 60ایم ایل ڈی ہوگی جس میں بیشتر حصے کو مکمل کیا گیا ہے ۔مشیر نے متعلقہ چیف انجینئر ، یو ای ای ڈی اور میونسپل کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ کام پر نگرانی کے لئے ایک مشترکہ ٹیم تشکیل دیں تاکہ ان پروجیکٹوں کی راہ میں حائل رُکاوٹوں کو موثر طور دور کیا جاسکے۔انہوں نے ان پروجیکٹوں کی بروقت تکمیل کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے کے لئے کہا۔مشیر موصوف نے سیوریج پروجیکٹوں کی جلد تکمیل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عمل آوری ایجنسیوں کو دیگر محکموں کے ساتھ قریبی تال میل قائم کر کے حائل رُکاوٹوں کو دُور کریں تاکہ ان پروجیکٹوں پر باقی ماندہ کام کو مکمل کیا جاسکے۔اُمشیر کو جنرل منیجر این بی سی سی نے بتایا کہ رقومات کی واگزار ی میں تاخیر کی وجہ سے کام میں کچھ رُکاوٹ آئی ہے اور جونہی رقومات واگزار کی جائیں گی تو ان دونوں پروجیکٹوں پر کام دوبارہ شروع کر کے انہیں 30؍ ستمبر2019ء تک مکمل کیا جائے گا۔میٹنگ میںفائنانشل کمشنر مکانات و شہر ی ترقی کے بی اگروال ، سیکرٹری مکانات و شہری ترقی انیل کمار گپتااور جنرل منیجر این بی سی سی کے علاوہ دیگر کئی افسران بھی موجود تھے۔