ریاض//یو این آئی//پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سعودی ولی عہد نے ملاقات کے لیے پہنچنے پر شہباز شریف کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد کا اس موقع پر گرمجوشی سے مصافحہ ہوا۔وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب اور وزیر مملکت حنا ربانی کھر بھی اس ملاقات میں موجود تھیں۔
وزیراعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر سعودی عرب کا دو روز دورہ کر رہے ہیں۔قبل ازیں شہباز شریف نے سعودی فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل کے حوالے سے سعودی حکومت کا وژن لائق تحسین ہے ، سماجی اور معاشی ترقی میں خواتین کا بااختیار ہونا ضروری ہے ۔ وزیراعظم شہباز شریف یکم نومبر کو چینی ہم منصب لی کی کیانگ کی دعوت پر چین کا اپنا پہلا سرکاری دورہ کریں گے ۔ دفترخارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ چین کے وزیراعظم لی کی کیانگ کی دعوت پر وزیراعظم شہباز شریف کا چین کا پہلا سرکاری دورہ ہوگا۔وزیراعظم شہباز شریف رواں برس اپریل میں وزارت عظمیٰ سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ چین کا دورہ کریں گے ۔دفترخارجہ نے بتایا کہ دورہ چین میں وزیراعظم کے ہمراہ وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری سمیت اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہوگا۔وزیراعظم اپنے پہلے سرکاری دورے میں چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کریں گے اور اپنے ہم منصب کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے ۔دفترخارجہ نے بتایا کہ وزیراعظم دنیا کے ان پہلے رہنماؤں میں سے ایک ہوں گے جو چین کی کمیونسٹ پارٹی کی تاریخی 20 ویں قومی کانگریس کے بعد دورہ کر رہے ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ ‘وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ چین اور پاکستان کی قیادت کی سطح پر معمول دوروں کی عکاسی کرتا ہے ‘۔وزیراعظم شہباز شریف اس سے قبل رواں ہفتے ہی سعودی عرب کا دو روزہ دورہ کر چکے ہیں جہاں انہوں نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔