شنواری کے انتقال کی افواہ بے بنیاد

اسلام آباد//یواین آئی// ٹیسٹ کرکٹر عثمان شنواری نے ان کے انتقال کی افواہواں پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ صحت یاب ہیں اور ان کا کہنا تھا کہ اتنی بڑی خبر شائع کرنے سے پہلے تصدیق کر لیا کریں۔عثمان شنواری کو اس وقت حیرت ہوئی جب ان کی موت سے متعلق پوچھنے کے لیے ان کی فیملی کو لوگوں نے فون کرنا شروع کیا۔جس کے بعد کرکٹر نے ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کا شکر ہے میں بالکل ٹھیک ہوں، لوگ میری پوری فیملی کو فون کرکے خیریت پوچھ رہے ہیں۔عثمان شنواری کو دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرنے کی خبر سوشل میڈیا پر گردش کررہی تھی۔پاکستان کارپوریٹ لیگ کے میچ کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے عثمان شنواری نام کے مقامی کرکٹر انتقال کر گئے تھے ، انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے ۔یاد رہے عثمان خان شنواری نے 2013 میں ڈیبیو کیا تھا، انہوں نے پاکستان کی طرف سے آخری ٹی 20 میچ اکتوبر 2019 میں سری لنکا کے خلاف کھیلا تھا۔