عظمیٰ نیوزسروس
جموں//جموں و کشمیر کے حساس خطے بدرواہ میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر 74موبائل ٹاورز پر موبائل ڈیٹا اور پبلک وائی فائی خدمات کو پانچ روز کے لیے معطل کر دیا گیا ہے ۔ حکام نے انٹرنیٹ سروس کی اس عارضی بندش کو ملک دشمن عناصر کی ممکنہ سرگرمیوں کو روکنے کی تدبیر قرار دیا ہے ۔محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ انٹرنیٹ کی معطلی کا فیصلہ جموں زون کے انسپکٹر جنرل آف پولیس کی سفارش پر کیا گیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ مخصوص علاقے میں انٹرنیٹ کا استعمال ممکنہ طور پر شرپسند اور تخریبی عناصر کے ہاتھوں امن و امان کو بگاڑنے کے لیے کیا جا سکتا ہے ۔آرڈر میں تحریر ہے کہ یہ پابندی ملک کی سالمیت، خودمختاری، اور امن عامہ کو برقرار رکھنے کے لیے ناگزیر ہے ۔ حکم کے مطابق 22مئی کی شام 8بجے سے 27مئی کی شام 8بجے تک ریلائنس جیو اور ایئرٹیل نیٹ ورکس کے ان 74ٹاورز پر موبائل انٹرنیٹ اور عوامی وائی فائی کی تمام خدمات معطل رہیں گی۔ذرائع کے مطابق، انٹرنیٹ کی یہ معطلی خاص طور پر ان بالائی علاقوں میں کی گئی ہے جو ضلع کٹھوعہ کی سرحد سے جُڑے ہوئے ہیں۔ یہ علاقہ ماضی میں بھی تخریبی سرگرمیوں کے حوالے سے زیر بحث رہا ہے ۔ گزشتہ برس یہاں کچھ مشتبہ دہشت گردوں کی دراندازی کی اطلاعات بھی سامنے آئی تھیں، جس کے بعد سکیورٹی اداروں نے علاقے کو خصوصی نگرانی میں رکھا ہوا ہے ۔یہ اقدام ٹیلی کمیونیکیشن (عارضی معطلی) قواعد 2024 کے تحت کیا گیا ہے ، جس کے تحت آئی جی پی مجاز افسر کے طور پر انٹرنیٹ سروسز کی بندش کا حکم دے سکتے ہیں۔ موبائل نیٹ ورک آپریٹرز کو باقاعدہ طور پر اس ضمن میں ہدایات دی جا چکی ہیں۔