بانہال // بدھ کوہفتہ وار ضروری مرمت کے بعد جمعرات کو جموں سرینگر شاہراہ پر دو طرفہ مسافر گاڑیوں کو چلنے کی اجازت دی گئی جبکہ ادہمپور میں پچھلے 2 روز سے سینکڑوں کی تعداد میں درماندہ مال بردار گاڑیوں کو بھی وادی روانہ کیا گیا۔جمعرات کی دوپہر سے رام بن اور بانہال سیکٹر میں بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے شام تک جاری رہا،تاہم شاہراہ پر ٹریفک کی نقل وحرکت بغیر کسی خلل کے جاری رہی۔پنتھیال اور دیگر کچھ مقامات پر اکا دکا پتھر گرنے کے واقعات بھی پیش آئے تاہم ٹریفک چلتا رہا۔ٹریفک حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کی سرینگر اور جموں سے مسافرگاڑیوں کو چھوڑنے کے بعد جکھینی ادہمپور سے جمعرات کی سہ پہرسے مال بردار ٹریفک کو وادی کی طرف بحال کیا گیا ۔ان گاڑیوں میں ایندھن سے لدھے ٹینکر ، سبزی ،پھل ، مرغ اور اشیایہ ضروریہ کے سامان سے لدھے ٹرک شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ جمعہ کو جموں سے سرینگر کی طرف گاڑیوں کو چلنے کی اجازت ہوگی لیکن اسکا دارومدار شاہراہ کی حالت پر ہوگی۔