سرینگر//چیف سیکریٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے نیشنل ہائی وے ۔44 کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے میٹنگ کی صدارت کی۔چیف سیکریٹری نے تشویش کا اِظہار کرتے ہوئے کہا کہ سڑک کی چوڑائی اور بحالی کے کاموں کی پیش رفت کی شرح غیر اطمینان بخش ہے جو مسافروں کو تکلیف کا باعث بن رہی ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ این ایچ کی ڈیوٹی پر تعینات ٹریفک اہلکاروں کی کمی اور غیر اعلانیہ طور پر فوج کے قافلوں کی نقل و حمل اور بلاضرورت لین ڈرائیونگ کی وجہ سے یہ مسئلہ اور بڑھتا ہے جس کی وجہ سے اکثر ٹریفک جام رہتا ہے۔چیف سیکریٹری نے قومی شاہراہ پر ٹریفک مینجمنٹ میں بہتری لانے کے لئے ٹریفک پولیس کو ہدایت دی کہ وہ جموںاور سری نگر کے درمیان سفر کے وقت کو کم کرنے کے لئے مناسب تدارک اور تمام چوکنگ پوائنٹس پر ٹریفک کا اِنتظام بہتر بنانے کے لئے اَفرادی قوت کو دوگنا کریں ۔ جو سفر اِس وقت ٹریفک کے نامناسب انتظام کی وجہ سے دس سے بارہ گھنٹے تک کا بنا ہوا ہے۔اُنہوں نے شاہراہ پر ٹریفک کی آواجاہی کو مزید بہتر بنانے کے لئے این ایچ اے آئی اور ضلع ترقیاتی کمشنررام بن کو ہدایت دی کہ وہ رام بن قصبے کے قریب کینتھی ، کرول، کوباغ ، بانہال کے قریب پیراہ ،اشہراور رام سو میں مختلف گاڑیوں کوخراب موسم کی وجہ سے قومی شاہراہ بند ہونے کی صورت میں درماندہ گاڑیوں کی آواجاہی کے لئے سٹریم لائن کریں۔چیف سیکریٹری نے ایک ہفتہ کے اَندر جموں سے سرینگر تک کے تمام اہم مقامات پر ایل اِی ڈی سگنیج نصب کرنے کی ہدایت دی تاکہ مسافروں کو سفرکرنے اور ٹریفک کی موجودہ صورتحال کے بارے میں اَصل وقت کی معلومات فراہم کی جا سکیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن کو نئی نووِیگ بانہال ٹنل کے ذریعے ٹریفک کی آواجاہی کو یقینی بنانے کے بارے میں ہدایت دی گئی کہ وہ شہری ٹریفک کو گزرنے کے لئے ٹنل کے دونوں سروں کو فوری طورپر چلائیں۔چیف سیکرٹری نے این ایچ اے آئی کو ہدایت دی کہ وہ دَلواس سٹریچ کی میکڈامائزیشن کو تین دِن میں اور جکینی ۔ناشری سیکشن کو 15 ؍ اگست 2021ء تک مکمل کریں۔اِس کے علاوہ رام بن ۔ بانہال سیکشن پر دستخطی کاموں کو فوری طور پر دسمبر 2022ء تک مکمل کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ۔ پرانی قومی شاہراہ پنتھا چوک ۔ سونہ وار سڑک بائی پاس سیکشن کو اِس کی مزید بحالی کے لئے پی ڈبلیو ( آر اینڈ بی ) کے حوالے کرنے کی ہدایت دی۔ نیشنل ہائی وے۔ 44 پر ہونے والے مہلک حادثات کی روکتھام کے لئے این ایچ اے آئی کو مزید 31 ؍اگست 2021 ء تک تمام اہم موڑ پر انتباہی علامات کے ساتھ کریش بیریرس لگانے کو کہا گیا تھا۔