نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) اور سنٹرل وجیلنس کمیشن (سی وی سی) کا نئے بھارت نئی سوچ کے آڑے آنے والے پرانے طریقوں کو تبدیل کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ دونوں اعلیٰ ایجنسیاں قانون کو اس طرح سے نافذ کریں جس سے حکومت میں غریب اورایماندار مضبوط ہوں اور بدعنوان-مجرم باہر جائیں۔مسٹر مودی نے کل گجرات کے کیوڑیا میں سنٹرل وجیلنس ڈیپارٹمنٹ (سی وی سی) اور سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کی ایک مشترکہ کانفرنس سے ویڈیو لنک کے ذریعہ خطاب کرتے ہوئے افسران سے اپیل کی ہے کہ وہ اب پریونٹیو وجیلنس یعنی جرائم کے امکانات کی نگرانی اورچوکسی کاکام کریں۔ اس سے وسائل کی بچت ہوگی اور جرائم پرمؤثر طریقے سے لگام لگے گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بدعنوانی چاہے چھوٹی ہو یا بڑی، وہ کسی نہ کسی کا حق چھینتی ہے ۔ یہ ملک کے عام شہری کو اس کے حقوق سے محروم کرتی ہے ، قوم کی ترقی میں رکاوٹ ہوتی ہے اور بحیثیت ایک قوم ہماری اجتماعی طاقت کو بھی متاثر کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چھ سات سالوں کی مسلسل کوششوں کی وجہ سے ہم ملک میں یہ یقین پیدا کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں کہ بدعنوانی کو روکنا ممکن ہے ۔ آج ملک کویہ یقین ہو ا ہے کہ بغیر کسی لین دین کے ، بغیر کسی بچولیوں کے بھی، سرکاری اسکیموں کا فائدہ حاصل ہوسکتا ہے اور آج ملک کو یہ بھی یقین ہوا ہے کہ ملک کو دھوکہ دینے والے ، غریب کو لوٹنے والے ، کتنے بھی طاقتور کیوں نہ ہوں، ملک اور دنیا میں کہیں بھی ہوں، اب ان پر رحم نہیں کیا جاتا، حکومت ان کو چھوڑتی نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ملک کے باشندوں کی زندگی سے حکومت کے دخل کو کم کرنے کو ایک مشن کے طور پر لیا۔ ہم نے حکومتی طریقہ کار کو آسان بنانے کے لیے مسلسل کوششیں کی ہیں۔