کرائسٹ چرچ// نیوزی لینڈ نے مائیکل بریسویل (14/2) کی شاندار گیند بازی کے بعد ڈیون کونوے (70 ناٹ آؤٹ) کی بدولت سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں اتوار کو بنگلہ دیش کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی۔بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ نے 138 رنز کا ہدف 13 گیندیں باقی رہ کر حاصل کر لیا۔نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ مہدی حسن معراج کی وکٹ گرنے کے بعد نجم الحسین شانتو (33) اور لٹن داس (15) بنگلہ دیش کی اننگز کو آگے بڑھا رہے تھے، لیکن دونوں بلے بازوں کے آؤٹ ہوتے ہی وکٹوں کے گرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ بریسویل نے رنز پر لگام لگائی اور لٹن اور یاسر علی کو آؤٹ کیا جبکہ ایش سودھی نے شانتو اور مصدق حسین کی وکٹیں گرائیں۔ ٹرینٹ بولٹ اور ٹم ساؤتھی نے بھی دو دو وکٹیں حاصل کیں۔بنگلہ دیش نے 78 رنز پر اپنی پانچ وکٹیں گنوا دی تھیں لیکن آخر میں وکٹ کیپر نورالحسن نے 12 گیندوں میں ایک چوکے اور دو چھکوں کی مدد سے 25 رنز بنا کر ٹیم کو 20 اوورز میں 137 رنز کے اسکور تک پہنچا دیا۔اوپنر فن ایلن (16) کا وکٹ جلد گرنے کے باوجود نیوزی لینڈ نے 138 رنز کے چھوٹے ہدف کا آسانی سے تعاقب کیا۔ کونوے نے ولیمسن کے ساتھ دوسری وکٹ کے لیے 85 رنز جوڑے، جو ٹیم کو جیت کی دہلیز تک لے گئے۔ ولیمسن نے 29 گیندوں پر 30 رنز بنائے جبکہ کونوے 51 گیندوں پر سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 70 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ چوتھے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے گلین فلپس نے نو گیندوں پر 23 رنز بنائے اور 18ویں اوور کی پانچویں گیند پر چھکا لگا کر ٹیم کو فتح دلائی۔نیوزی لینڈ کو اس سے قبل سیریز کے اپنے پہلے میچ میں پاکستان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جب کہ پاکستان نے نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کے خلاف اپنے دونوں میچ جیتے ہیں۔ (یو این آئی)