سنتھن شاہرہ پر یکطرفہ آمدرفت بحال ،مرگن ہنوز بند

عاصف بٹ

کشتواڑ //ضلع کشتواڑ کو وادی کشمیر سے جوڑنے والی کشتواڑ سنتھن اننت ناگ قومی شاہرہ پر قریب دس روز بعد یکطرفہ ٹریفک کی آمدرفت کیلئے بحال کردیاگیا ہے۔ حکام نے بتایا کہ دونوں اطراف برف ہٹانے کا عمل مکمل کرلیاگیاہے اور موسم سازگا رہنے کی صورت میں ہی سڑک پر آمدرفت کو بحال کیا جائیگا۔ ایس ڈی ایم چھاترو کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق کشتواڑ سے اننت ناگ جانے والی گاڑیوں کو پیر،بدھ، جمعہ واتوارکو چلنے کی اجازت ہوگی جبکہ اننت ناگ سے کشتواڑ آنے والی گاڑیوں کو منگل جمعرات و سنیچر کو صبح ساڈھے نو سے دوپہر تین بجے تک چلنے کی اجازت ہوگی۔ سفرکرنے والوں کو حکم نامے پر عملدرآمد کرنے کو کہا گیاہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے سنتھن ٹاپ پر قریب تین فٹ تازہ برفباری درج کی گی تھی جسکے سبب آمدرفت کو عارضی طور معطل کردیا گیا تھا وہی مرگن سڑک ہنوز آمدرفت کیلئے بند پڑی ہوئی ہے۔ حکام نے بتایا کہ برف ہٹانے کا عمل جاری ہے اور متعدد مقامات پر برفانی تودے و درخت گراے ہیں جسکے سبب تاخیز ہورہی ہے ۔امید لگائی جارہی ہے کہ جلد سڑک کو آمدرفت کیلئے بحال کیا جائیگا۔