بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طُلباء میں میڈل تقسیم کئے
جموں//گورنر ستیہ پال ملک نے ہفتہ کو یہاں ٹیچرس بھون آڈیٹوریم گاندھی نگر میں آئی آئی ایم جموں کے دوسرے سالانہ کنوکیشن میں شرکت کی۔کولگیٹ پامولیو اشیا ہانگ کانگ کے صدر مُکل دیورس اس موقعہ پر مہمان ذی وقار کی حیثیت سے موجود تھے۔اس موقعہ پر اعلیٰ تعلیم کے سیکرٹری طلعت پرویز روحیلا بھی موجود تھے۔کنوکیشن کی تقریب کے دوران گورنر نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طُلاب میں میڈ ل اور اسناد تقسیم کئے۔ اس موقعہ پر62 طُلباء کو ایم بی اے کی ڈگریاں عطا کی گئیں۔کنوکیشن سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے ڈگریاں حاصل کرنے والوں کو مبارک باد دیتے ہوئے اُن پر زور دیا کہ وہ اپنے مستقبل میں آگے بڑھنے کے لئے موثر اور مربوط حکمت عملی اختیار کریں۔ انہوں نے طُلبا پر زور دیا کہ وہ لوگوں کی فلاح و بہبود کے لئے بھی کام کریں۔گورنر نے کہا کہ کسی بھی قوم کے شہریوں بالخصوص خواتین کو با اختیار بنانے میں معیاری تعلیم ایک اہم رول ادا کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم سے روشناس کرانے کی بدولت ملک کو ترقی کی نئی منزلوں سے ہمکنار کیا جاسکتا ہے۔گورنر نے آئی آئی ایم جموں کے ڈائریکٹر، فکیلٹی اور دیگر عملے سمیت طُلاب کے والدین کو بھی مبارک با دی۔انہوں نے فارغ ہوئے طُلباء کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مکل دیورس نے طُلاب پر زور دیا کہ وہ اپنی مجموعی نشو ونما کو یقینی بنانے کے لئے اخلاقی تعلیم کو بھی بروئے کار لائیں۔چیئرمین بی او جی آئی آئی ایم جموں وجے گھمبیر نے تقریب کی صدارت کی جبکہ ڈائریکٹر آئی آئی ایم جموں بی ایس سہائے نے اس ادارے کی حصولیابیوں کا خاکہ پیش کیا۔