ریاض//امریکی صدر جو بائیڈن اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جدہ کے قصر سلام میں ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر دونوں ملکوں کے عہدیدار بھی موجود تھے۔ فریقین نے دونوں دوست ملکوں کے درمیان تعاون کے طریقوں اور خطے نیز دنیا بھر کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کی تدابیر پر تبادلہ خیال کیا۔ اس سے قبل شہزادہ محمد بن سلمان نے امریکی صدر کو سعودی عرب کے اعلی عہدیداروں سے ملوایا۔ دوسری جانب صدر بائیڈن کے ہمراہ وفد میں شامل عہدیداروں سے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو ملوایا گیا۔
جو بائیڈن کے سعودی عرب کے دورے کے موقع پر سعودی وزرا اور امریکی حکام کے درمیان 18 اہم معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں اس موقع پر سعودی عرب اور امریکہ کے تاریخی تعلقات اور مختلف شعبوں میں دوست عوام اور دونوں ملکوں کے مفادات کی تکمیل میں معاون طور طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔وزیر مملکت و رکن کابینہ و مشیر قومی سلامتی ڈاکٹر مساعد بن محمد العیبان اور امریکی وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن اور قومی سلامتی کے مشیر جیک سولیوان بھی ملاقات کے موقع پر موجود تھے۔