سرینگر// جموں وکشمیر انتظامیہ نے منگل کے روز ایک نئے سرکاری پروٹوکول کی درجہ بندی جاری کردی ہے جس میں ضلعی ترقیاتی کونسلوں کے سربراہان، کی حیثیت اپنے ضلعی حدود میں میونسپل کارپوریشنوں کے میئروں کے برابر رکھی گئی ہے۔ عمومی انتظامی محکمہ نے پروٹوکول اور ماہانہ مشاہرے کے معاملے پر نومنتخب ممبروں کے احتجاج کے قریب ایک ماہ بعد نئے ’’حفظ مراتب فہرست‘‘ جاری کیا۔ قریب ایک ماہ قبل ، مشتعل ضلع ترقیاتی کونسل سربراہان کے وفد نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی تھی ، اور اپنے مفادات کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا تھا۔ کمشنر سکریٹری ہاسپٹلٹی اینڈ پروٹوکول طلعت پرویز روحیلہ نے تمام احکامات کو مد نظر رکھتے ہوئے نئے پروٹوکول کی درجہ بندی جاری کی جسے جموں و کشمیر کی تمام سرکاری تقاریب میں عملایا جائے گا۔ جموں اور سرینگر میونسپل کارپوریشنوں کے میئروں کے ساتھ ضلع ترقیاتی کونسل چیئرپرسن کو اپنے اپنے علاقائی دائرہ اختیارات میں نئے حفظ مراتب کی فہرست کے تحت سیرل نمبر 19 اے پر مقدم کیا گیا ہے ۔ اپنے ضلعی حدود میں ، ضلع ترقیاتی کونسل کے وائس چیئرپرسن کو تمام انتظامی سکریٹریوں ، ڈویژنل کمشنروں ، پولیس انسپکٹر جنرلوں ، چیف فارسٹ کنزرویٹرز ، مرکزی حکومت کے جوائنٹ سیکرٹریوں اور میجرجرنیلوں اور مساوی عہدے کے افسران کے ساتھ سیریل نمبر 26 میں رکھا گیا ہے۔ آرڈر میں کہا گیا ہے کہ ضلع ترقیاتی کونسل کے ممبران کو ، فہرست میں آخر میں سیریل نمبر 28 پر رکھا گیا ہے جس میںضلعی مجسٹریٹ ، بریگیڈیئر کے عہدے کے افسران ، محکمہ کے سربراہان ، کنزرویٹر آف فارسٹس ، ضلع سیشن جج ، بلاک ترقیاتی کونسلوں کے چیئرپرسن اورمیونسپل کونسلوں اور کمیٹیوں کے صدور شامل ہیں۔ ضلع ترقیاتی کونسل سربراہان کے وفد نے 12 مارچ کو اسی مسئلے پر راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر سنہا سے ملاقات کی تھی۔