عشرت حسین بٹ
پونچھ // چیف ایجوکیشن آفیسر پونچھ نے ضلع کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کے نام ایک اہم حکم نامہ جاری کرتے ہوئے ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے اسکولوں میں آوارہ کتوں کے مسائل کی نگرانی، رپورٹنگ اور متعلقہ اداروں سے رابطے کے لئے ایک باضابطہ نوڈل افسر نامزد کریں۔یہ ہدایت 3 دسمبر کو ڈپٹی کمشنر پونچھ کی صدارت میں منعقدہ ایک میٹنگ کے بعد سامنے آئی، جس میں اضلاع کے مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی اور اسکولوں کے اردگرد بڑھتی ہوئی آوارہ کتوں کی موجودگی اور اس سے پیدا ہونے والے خطرات پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ہر اسکول اپنے ہاں ایک نوڈل افسر مقرر کرے گا جو مندرجہ ذیل ذمہ داریاں انجام دے گا۔انہوں نے کہاکہ اسکول میں آوارہ کتوں سے متعلق واقعات یا شکایات کی باقاعدہ رپورٹنگ،ضروری کارروائی کے لیے میونسپل کمیٹی، محکمہ حیوانات یا متعلقہ مقامی اداروں سے بروقت رابطہ،طلباء اور اسکول اسٹاف میں بیداری اور احتیاطی تدابیر سے متعلق رہنمائیوغیرہ شامل ہیں۔چیف ایجوکیشن آفیسر پونچھ نے واضح کیا ہے کہ تمام اسکول اپنے نامزد نوڈل افسر کا نام، عہدہ اور رابطہ نمبر اسکول کی دیوار یا مرکزی دروازے پر نمایاں طور پر آویزاں کرنے کے پابند ہوں گے، تاکہ معلومات ہر شخص کو با آسانی دستیاب رہیں۔حکم نامے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ تمام ڈی ڈی ائو اور ایچ ائو آئی دو دن کے اندر اندر نوڈل افسران کی تفصیلات دفتر میں جمع کرائیں۔ساتھ ہی اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ احکامات پر عملدرآمد میں کسی بھی قسم کی لاپرواہی یا تاخیر کو سنجیدگی سے لیا جائے گا اور اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔یہ حکم چیف ایجوکیشن آفیسر پونچھ کی جانب سے جاری کیا گیا ہے، جبکہ اس کی نقول ڈپٹی کمشنر پونچھ، ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن جموں، اور جوائنٹ ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن پونچھ-راجوری کو بھی ارسال کی گئی ہیں تاکہ تمام متعلقہ اداروں میں اس پر یکساں طریقے سے عمل ہو سکے۔غور طلب ہے کہ اس سلسلہ میں حال ہی میں سپریم کورٹ آف انڈیا کی جانب سے بھی ایک حکم نامہ جاری کیاگیا ہے تاکہ بچوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے ۔