عظمیٰ نیوز سروس
جموں// محکمہ تعلیم تعلیمی سال 2023-24کےلئے ‘کلسٹر ریسورس کورڈی نیٹرز’ کی خدمات حاصل کرے گا تاکہ سرکاری سکولوں میں فیکلٹی کی کمی کو پورا کیا جا سکے۔ڈائریکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن، جموں نے گورنمنٹ ہائی اور ہائر سیکنڈری سکولوں کے لیے تعلیمی سال 2023-24 سے 31مارچ 2024 تک ‘کلسٹر ریسورس کوآرڈینیٹر فار ٹیچنگ سپورٹ’کی خدمات حاصل کرنے کے لیے ایک نوٹس دیا ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ہائی اور ہائر سیکنڈری سکولوں میں 748کلسٹر ریسورس کورڈی نیٹر(اساتذہ)کو ایک سال کے کنٹریکٹ پر بھرتی کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ باٹنی اسٹریم میں 80، کیمسٹری میں 30، کامرس، ہندی اور کمپیوٹر سائنس میں 15، معاشیات میں 75، ایجوکیشن میں 110، ریاضی، انگلش، جغرافیہ میں 10، تاریخ میں 20 اساتذہ کی تقرری کی جائے گی۔ ڈوگری، سنسکرت میں پانچ، فزکس میں 18، پولیٹیکل سائنس میں 40، سوشیالوجی میں دس، شماریات، اردو میں 35اور زولوجی میں 75 کی بھرتی کی جارہی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ “کالجوں میں کنٹریکٹ پر تقرریوں کے بعد، اساتذہ کو مقررہ اعزازیہ پر سکولوں میں کنٹریکٹ کی بنیاد پر تعینات کیا جانا ہے۔
“ان کا کہنا تھا کہ ڈائریکٹوریٹ آف سکول ایجوکیشن جموں نے مختلف مضامین کے لیے بھرتی کا عمل شروع کیا ہے جس کے لیے پوسٹ گریجویٹ خواہشمند زیادہ سے زیادہ عمر کی حد 40 سال کے اسامیوں کے لیے درخواست دینے کے اہل ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ درخواست بھرنے کی آخری تاریخ 20 اگست 2023 ہے۔