سرکاری اراضی سے بے دخلی کے حکمنامہ کے خلاف ڈوڈہ میں احتجاج بی ڈی سی چیئرپرسنوں، پنچائتی اراکین و عوام نے حکومتی فیصلے کو ناقابل قبول قرار دیا

اشتیاق ملک
ڈوڈہ //سرکاری اراضی سے بے دخلی کے حکمنامہ کے خلاف منگل کے روز سیول سوسائٹی کی جانب سے ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ کے دفتر کے باہر احتجاج کرتے ہوئے انتظامیہ سے غریب و بے سہارا لوگوں کے ساتھ کوئی چھیڑ چھاڑ نہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ احتجاجی مظاہرین میں بی ڈی سی چیئرمین گندنہ سرشاد نٹنو ،بی ڈی سی چیئرمین ڈالی ادھیان پور شبیر احمد سمیت کئی پنچائتی اراکین و خواتین نے بھی حصہ لیا۔ اس موقع پر بولتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے آباء و اجداد برسوں سے ان زمینوں پر قابض ہیں اور مشکل سے اپنے آشیانہ بنائے ہیں لیکن انتظامیہ کی طرف سے آئے روز انہیں ہراساں کرنے کے ساتھ ساتھ نوٹس جاری کئے جاتے ہیں۔مظاہرین نے ‘زمین ہماری راج تمہارا، نہیں چلے گا’ کے نعرے بلند کرتے ہوئے کہا کہ وہ حکومتی فیصلے کے خلاف نہیں ہیں اور اگر کسی نے اپنے عہدے کا غلط استعمال کرکے غیر قانونی طور پر سرکاری اراضی پر قبضہ کیا ہے تو اس کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے لیکن غریب عوام نے مشکل حالات میں ان ہی گھروں کی مرمت کی ہے جن میں ہمارے باپ دادا رہائش پذیر تھے۔ احتجاج میں شامل مرد و زن کہا کہ اگر انتظامیہ نے زور زبردستی کی تو وہ وسیع پیمانے پر سڑکوں پر اتریں گے۔ اس دوران بی ڈی سی چیئرمین گندنہ کی قیادت میں ایک وفد نے ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ سے بھی ملاقات کی اور غریب عوام کو راحت دینے کا مطالبہ کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بی ڈی سی چیئرمین نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر نے انہیں یقین دلایا کہ کسی بھی غریب کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوں گی۔