منڈی //منڈی تحصیل کمپلیکس کے اندر سرپنچ ایسوسی ایشن صدر رفیق مدنی کی قیادت میں اراکین نے انتظامیہ کے خلاف زوردار احتجاج اور دھرنہ دیا۔اراکین نے محکمہ دیہی ترقی کے آفیسران کے خلاف نعرہ بازی کی۔سرپنچ ایسوسی ایشن نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ آفیسران کی جانب سے پنچایتی اداروں کے ختم کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ سرپنچوں کو صرف محکمہ نے متعدد قسم کے کاغذوں کے فوٹو سٹیٹ جمع کروانے کے لئے ہی رکھاہے جبکہ بعد میں یہ فائلیں ردی میں یاتو پھینک دی جاتی ہیں یا پر دفتر میں ہی پڑی رہتی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ سال ہر پنچائیت میں غریب کنبوں کی نشاندہی کر کے ایک فہرست جمع کروائی گئی تھی تاکہ ان کو پردھان منتری اواس یوجنا کے تحت فائدہ پہنچایا جاسکے لیکن متعلقہ محکمہ کے ملازمین کی جانب سے ان فہرستوں میں سے غریبوں کے نام کو ہی غائب کر دیا گیا ہے جبکہ سیاسی پشت پناہی والوں کو فہرستوں میں شامل کرلیا گیا ہے ۔مظاہرین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ انتظامیہ پنچایتی نظام کو بہتر بنانے کے دعوئے کررہی ہے لیکن منڈی میں مذکورہ نظام ہی درہم برہم ہو گیا ہے ۔ایسوسی ایشن اراکین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کی جانب سے تیار کردہ فہرستوں کو جلدازجلد منسوخ کرکے پنچایتی اراکین کی جانب سے فراہم کی گئی فہرستوں میں شامل مستحقین کو ہی حتمی طورپر شامل کیا جائے جبکہ فہرستوں میں تبدیلی کرنے والے ملازمین کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ۔تحصیلدار منڈی ،بلاک ترقیاتی کونسل چیئر مین او ر بلاک ڈیو لپمنٹ آفیسر نے مظاہرین کے مطالبات کو سننے کے بعد ان کو انصاف کی یقین دہانی کروائی ۔