ٹنگمرگ //کرشہمامہ کنزر میں موبائیل ٹاور کی عدم دستیابی سے لوگ پریشان ہیں۔ کرشہمامہ کنزر میں ڈیجٹل انڈیا کا دور دور تک کوئی نام و نشان نہیں ہے اور موجودہ جدید سائنسی دور میں بھی یہاں لوگ موبائل فون سہولیات سے مستفید نہیں ہورہے ہیں۔یک طرف جہاں مواصلاتی کمپنیاں اپنی خدمات دور دراز علاقہ جات تک پہنچانے کے لیے تگ دود کرتی ہیں وہیں کرشہمامہ کنزر مواصلاتی کمپنیوں کے نظروں سے مسلسل اوجھل ہیں۔ گائوں میں زیر تعلیم بچوں کو آن لائن کلاسوں میں شامل ہونے کے لیے دور دور تک ٹاوروں کی سگنل حاصل کرنے کے لیے جانا پڑتاہے۔ امتحان کی تیاریوں میں مصروف طلاب کو موبائل انٹر نیٹ کی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے زبردست مشکلات کا سامناکرنا پڑرہا ہے۔ سماجی کارکن بٹ مدثر نے ڈیجٹل انڈیا کو مذاق جتلاتے ہوئے کہا کہ ترقی کے اس تیز رفتار دور میں سب ڈویثرن ٹنگمرگ کا واحد گائوں مواصلاتی سہولیات سے ابھی تک محروم ہے جبکہ آج تک تمام ٹیلی کام کمپنیاں کرشہمامہ کنزر کو اپنی خدمات فراہم کرنے میں ناکام ثابت ہوئی ہیں ۔کرشہمامہ کے لوگوں نے مواصلاتی کمپنیوں سے علاقہ میں موبائیل ٹاور نصب کرنے کامطالبہ کیاہے۔