سرینگر//پلوامہ سب جیل کی دو عمارتوںمیں آگ لگنے سے افراتفری مچ گئی۔ جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں قائم سب جیل میں اُس وقت افراتفری کا ماحول پیدا ہوا جب سب جیل کی ایک عمارت سے اچانک آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً بھیانک رُخ اختیار کرلیا اور تیزی سے دوسری عمارت کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ حکام نے جمعہ کو بتایا کہ جنوبی ضلع پلوامہ میں قائم سب جیل کی دو یک منزلہ عمارات آگ کی ایک واردات کے دوران جل گئیں۔سی این آئی کے مطابق پلوامہ کے درسو علاقے میں واقع سب جیل کے اندر آگ نموادار ہوگئی اور جب تک اس پر قابو پایا گیا تب تک دو یک منزلہ عمارات مکمل طور خاکستر ہوگئی تھیں۔اس دوران فائر اینڈ ایمرجنسی عملہ جائے موقع پر پہنچ گیا اور آگ پر کافی مشقت کے بعد قابو پانے میں کامیابی حاصل کی ۔آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی تاہم پولیس نے معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔آگ کی واردات میں کچھ کمپیوٹر، لیپ ٹاپ اور مشینری کو نقصان پہنچاجبکہ آتشزدگی کی اس واردات میں کسی کے جھلس جانے کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔ اس دوران جیل خانہ جات کے ڈائریکٹر جنرل وی کے سنگھ نے پلوامہ کے خصوصی جیل کا دورہ کرکے وہاں8اور9اپریل کی رات کو قیدیوں کی طرف سے کئے گئے آتش زنی اور دنگابازی سے ہوئے نقصان کاجائزہ لیا۔ان کے ہمراہ ضلع کے ڈپٹی کمشنر بصیرالحق چودھری ،ڈی آئی جی جیل خانہ جات،ڈاکٹر ایم ایس لون،ایس پی پلوامہ آشیش مشرااور سی آر پی ایف کے اسسٹنٹ کمانڈنٹ ستیش کمار بھی تھے۔ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلاہے کہ 8اور9اپریل کی درمیانی رات کو بیرک نمبر ایک میں نگرانی عملہ نے کوئی مشکوک سرگرمی دیکھی ،جس کے بعدبیر ک کوکھولاگیا اور حفاظتی معائنہ کیا گیا۔اس موقعہ پر وہاں قیدی تشدد پر اُتر آئے اورسنگ باری کی اور عمارات،حفاظتی روشنیوں اور سی سی ٹی وی کیمروں کو نقصان پہنچایا ۔جیل سپرانٹنڈنٹ کی درخواست پر تحصیلدار پلوامہ اور مقامی پولیس موقعہ پر پہنچے ۔ایس ایس پی پلوامہ اور فائر اینڈ ایمرجنسی عملہ بھی اس دوران وہاں پہنچے اورصورتحال پر قابو پایا۔کچھ قیدیوں نے قرار ہونے کی بھی کوشش کی جسے ناکام بنایا گیا ۔ڈائریکٹر جنرل جیل خانہ جات نے اس واقعہ کی مکمل تحقیقات کئے جانے کا مطالبہ کیا ہے ۔