مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژں کے منکوٹ علاقہ میں رابطہ سڑک ساگرہ تا گھانی کی انتہائی خراب حالت کی وجہ سے عام لوگوں کو دوران آمد ورفت شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سڑک کے سلسلہ میں تمام اعلیٰ حکام سے رجو ع کر چکے ہیں لیکن اس کے باوجود بھی عملی طورپر عوامی سہولیت کےلئے کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے ۔انہوں نے متعلقہ محکمہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ محکمہ کی لاپرواہی کی وجہ سے سڑک اب دھان لگانے کے قابل کھیت کی شکل اختیار کرچکی ہے ۔مقامی سرپنچ نے بتایا کہ سڑک کی تعمیر کےلئے انہوں نے متعلقہ محکمہ اور ضلع انتظامیہ سے بھی رجوع کیا ہے لیکن اس کے باوجود بھی سڑک کو قابل آمد ورفت نہیں بنایا جاسکا ہے ۔پنچایتی اراکین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ضلع انتظامیہ کی جانب سے منعقدہ عوامی اجلاسوں میں بھی سڑک کی تعمیر کا معاملہ اٹھایا گیا لیکن موقعہ پر یقین دہانیاں کروانے کے بعد زمینی سطح پر صورتحال ابھی تک تبدیل نہیں ہوسکی ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ساگرہ تا گھانی سڑک کی جلداز جلد مرمت کی جائے تاکہ عوامی کو دوران آمد ورفت سہولیات میسر ہوسکیں ۔