محمد تسکین
بانہال // جموں ۔ سرینگر قومی شاہراہ پر شیر بی بی کے علاقے میں زیر تعمیر فلائی اوور / ویا ڈکٹ سے گر کر ایک 21سالہ مزدور جاں بحق ہوگیا۔متوفی کی شناخت سانک خان ولد شاہد خان، ساکن مظفر نگر ریاست اتر پردیش کے طور پر ہوئی ۔ یہ واقعہ ہفتہ کی شام اس وقت پیش آیا جب وہ سیلاڑھ شیر بی بی کے علاقے میں تقریباً پانچ کلومیٹر طویل وائڈکٹ پروجیکٹ پر کام کر رہا تھا۔موقع پر موجود مزدوروں کے مطابق کمپنی کی جانب سے اونچائی پر کام کرنے والے مزدوروں کو مناسب حفاظتی سازوسامان فراہم نہیں کیا گیا تھا جس کی وجہ سے وہ گرنے کے بعد موقع پر ہی لقمہ اجل ہوگیا ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران یہ اس نوعیت کا تیسرا حادثہ ہے اور تینوں واقعات میں تین مزدور اپنی جان گنوا بیٹھے ہیں ۔مزدوروں کا مزید کہنا تھا کہ کمپنی حکام نے ابتدائی طور پر لاش کو قانونی کارروائی کے بغیر دفنانے کی کوشش کی، تاہم پولیس کی بروقت مداخلت سے یہ کوشش ناکام بنادی گئی۔پولیس کے مطابق اطلاع ملتے ہی بانہال تھانے کی ٹیم موقع پر پہنچی اور لاش کو تحویل میں لے کر سب ڈسٹرکٹ ہسپتال بانہال منتقل کیا گیا۔ اتوار کو پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ساتھی مزدوروں کے حوالے کی جائے گی۔اس سلسلے میں پولیس نے بی این ایس ایس کی دفعہ 194 کے تحت کارروائی شروع کر دی ہے۔