محمد تسکین
بانہال // ریلوے اسٹیشن بانہال اور جموں سرینگر شاہراہ پر شیطان نالہ کے مقام پر ٹیسٹنگ شروع کردی گئی ہے۔پیر کو ریلوے اسٹیشن بانہال میں پولیس نے لاؤڈ سپیکروں سے اعلان کروایا کہ بانہال سے وادی کشمیر کی طرف ریل گاڑی سے سفر کرنے والے مسافروں کو کوویڈ ٹیسٹ کرانا لازمی ہوگا اورمنفی نتائج کے بعد ہی مسافروں کو ریل گاڑی میں سوار ہونے کی اجازت دی جائے گی۔ ریلوے ذرائع نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ انکی طرف سے ابھی ایسا کوئی حکم جاری نہیں کیا گیا ہے تاہم پولیس کی طرف سے مسافروں کوکورونا وائرس کی جانچ کیلئے نمونے دینے کیلئے کہا جارہا ہے اور پولیس نے پیر کی صبح اس کا اعلان بھی کروایا ۔یاد رہے کشمیر عظمیٰ نے اس ضمن میں ایک تفصیلی رپورٹ شائع کی تھی کہ گاڑیوں سے آنے والے مسافروں کی نہ تو لکھنپور میں کوئی تیسٹ کیا جاتا ہے اور نہ قاضی گنڈ یا لور منڈا میں۔ اسکے بعد ریلوے اسٹیشن بانہال اور شاہراہ پر واقع شیطان نالہ کے مقام پر ضلع انتظامیہ رام بن کی ہدایت پر محکمہ صحت نے ٹیسٹنگ کے انتظامات کیلئے ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل سٹاف تعینات کردیا ۔ بلاک میڈیکل افسر بانہال ڈاکٹر رابعیہ خان نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ کشمیر وادی کی طرف ریل گاڑی اور سڑک سے سفر کرنے والے مسافروں کیلئے ریلوے سٹیشن بانہال اور شیطان نالہ کے مقام پرٹیسٹنگ میں تیزی لائی گئی ہے اور وادی کشمیر کی طرف جانے والے مسافروں کے نمونے لئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 5 اپریل سے 18 اپریل13روز میں ریلوے سٹیشن بانہال پر مسافروں سے RTPCR کے 795 اور RAT کے 463 نمونے لئے گئے جبکہ شاہراہ پر واقع شیطان نالہ کے مقام پر RAT کے 818 نمونے مسافروں سے لئے گئے۔انہوں نے کہا کہ ابتک موصول ہونے والی رپورٹوں کے مطابق 14 مثبت پائے گئے ہیں۔ اس دوران ریلوے اسٹیشن بانہال پر تعینات انچارج پولیس افسر عبدالغفار نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ضلع انتظامیہ رام بن کی طرف سے احکامات ملے ہیں کہ بانہال سے وادی کشمیر کی طرف ریل گاڑی میں سفر کرنے والے مسافروں کی ٹیسٹنگ کرائی جائے اورمنفی رپورٹ آنے کے بعد ہی مسافروں کو ریل گاڑی سے سفر کی اجازت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مثبت نمونے آنے کی صورت میں مسافروں کو مزید کارروائی کیلئے تحصیل انتظامیہ بانہال کے سپرد کیا جائیگا۔ ڈپٹی کمشنر رام بن مسرت الاسلام نے پیر کے روز کئے گئے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ناشری، شیطان نالہ اور ریلوے سٹیشن بانہال پر کورونا کی جانچ کیلئے کئے جارہے نمونوں میں اضافہ کیا گیا ہے اور پولیس کو محکمہ صحت کے اہلکاروں کی مدد کیلئے تعینات کیا گیا ہے۔ انہوں نے لوگوں کو احتیاط برتنے ، ماسک پہننے ، سماجی دوری اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔
لور منڈا میں بھی ٹیسٹنگ مرکز قائم
ابتک 3600کے نمونے حاصل
عارف بلوچ
اننت ناگ // لور منڈا قاضی گنڈ میں کوویڈ ٹیسٹنگ مرکز قائم کردیا گیا ہے جہاں ابتک سڑک سے سفر کرنے والے 3600افراد کے ٹیسٹ کئے جاچکے ہیں۔اس کوویڈ سینٹر کیلئے ایس ڈی ایم ڈورو غلام رسول وانی کو نوڈل آفیسر مقرر کیا گیا ہے۔انکا کہنا ہے کہ یہاں ٹیسٹنگ کیلئے 8بوتھ قائم کئے گئے ہیں جن میں ابتک 3600افراد کا رپیڈ ٹسٹ کیا جاچکا ہے، جن میں گاڑیوں سے سفر جرنے والے مسافر اور مال بردار گاڑیوں کے ڈرائیو بھی شامل ہیں۔یہ ٹیسٹنگ سینٹر ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ کی ہدایات کے بعد قائم کیا گیا ہے۔