عظمیٰ نیوز سروس
؎ریاسی//ضلع قانونی خدمات اتھارٹی ریاسی کے زیر اہتمام، نیشنل لیگل سروسز اتھارٹی اور جموں و کشمیر لیگل سروسز اتھارٹی کی رہنمائی میں سال 2026 کی دوسری قومی لوک عدالت کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر لوک عدالت کی باقاعدہ افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت چیئرمین ڈی ایل ایس اے (پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج) خلیل چودھری نے کی جبکہ سیکرٹری ڈی ایل ایس اے پوجا گپتا بھی موجود تھیں۔افتتاحی تقریب میں چیف جوڈیشل مجسٹریٹ گیتا کماری، سب جج، منصف ججز، بار ایسوسی ایشن ریاسی کے صدر پون دیو سنگھ، وکلاء برادری، لیگل ایڈ ڈیفنس کونسلز کی ٹیم، پروبیشنری لیگل والنٹیئرز اور بڑی تعداد میں سائلین نے شرکت کی۔
لوک عدالت کے لیے مجموعی طور پر 15 بینچ تشکیل دیے گئے تھے جن میں عدالتی افسران، انتظامی افسران اور متعلقہ محکموں کے نمائندگان شامل تھے۔ تمام بینچوں نے دن بھر محنت سے کیسز کی سماعت کرتے ہوئے باہمی رضامندی اور مفاہمت کے ذریعے تنازعات کے حل کو یقینی بنایا۔اس لوک عدالت میں مجموعی طور پر 3152 مقدمات پیش کیے گئے جن میں سے 2435 مقدمات کو خوش اسلوبی سے نمٹا دیا گیا۔ ان مقدمات میں ازدواجی تنازعات، این آئی ایکٹ کیسز، دیوانی مقدمات، فوجداری قابل مصالحت کیسز، بینک ریکوری کیسز، ایم اے سی ٹی کیسز، کنزیومر ڈسپیوٹس، کمرشل مقدمات سے قبل کے تنازعات اور دیگر قبل از مقدمہ کیسز شامل تھے۔ان تمام مقدمات کے تصفیہ کے نتیجے میں مجموعی طور پر 2 کروڑ 83 لاکھ 58 ہزار 393 روپے کی خطیر رقم کے تنازعات حل ہوئے۔ حکام نے اس عمل کو عوامی انصاف کی فراہمی کی جانب ایک مثبت اور مؤثر قدم قرار دیا۔