روس کا یورپ کو گیس سپلائی کرنیوالی پائپ لائن بند کرنے کا اعلان

ماسکو// روس نے یورپ کو گیس سپلائی کرنے والی پائپ لائن نارڈ اسٹریم ون کو 10 دن کے لیے بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔روسی حکام کے مطابق نارڈ اسٹریم ون گیس پائپ لائن 11 جولائی سے 21 جولائی تک بند رہے گی، پائپ لائن کو مرمت کی غرض سے بند کیا جارہا ہے۔ تاہم گیس پائپ لائن بند ہونے سے یورپ میں گیس کا بحران مزید شدت اختیار کر سکتا ہے۔یورپ کو 60 فیصد گیس نارڈ اسٹریم پائپ لائن سے سپلائی کی جاتی ہے جو بند ہونے سے یورپ کو گیس کی سپلائی آدھی رہ جائے گی۔ادھر امریکی بینک جے پی مورگن کے ماہرین نے کہا ہے عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت 380ڈالر فی بیرل تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔امریکی تجزیہ نگاروں نے خبردار کیا ہے اگر روس نے امریکہ اور یورپ کی جانب سے عائد پابندیوں کے خلاف جوابی کارروائی کی اورخام تیل کی پیداوار میں کمی کر دی تو عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت 380ڈالر فی بیرل تک پہنچ سکتی ہے۔ماہرین کے مطابق روس کی جانب سے خام تیل کی پیداوار میں ممکنہ کمی دنیا کے لیے تباہ کن ثابت ہوسکتی ہے۔

لیسیچانسک شہرپر روس کا کنٹرول
کیف// یوکرین کی فوج نے تصدیق کی ہے کہ روسی افواج نے ملک کے مشرقی شہر لیسیچانسک پر کنٹرول کرلیا ہے ۔یوکرینی فوج کے جنرل اسٹاف نے کہا ‘‘لیسیچانسک میں شدید لڑائی میں ہماری دفاعی افواج کو اپنی پوزیشنوں سے پیچھے ہٹنے پر مجبور ہونا پڑا۔ یہ قدم یوکرین کے محافظوں کی زندگیوں کو بچانے کے لیے اٹھانا پڑا’’۔اس سے قبل روسی وزیر دفاع سرگئی شوئیگو نے کہا تھا کہ ان کی فوج نے لیسیچانسک پر قبضہ کر لیا ہے اور لوہانسک کے علاقے کا مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے ۔دریں اثنا، یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا کہ ان کی فوج اپنی حکمت عملی اور جدید ہتھیاروں کی سپلائی میں اضافے کے ساتھ لیسیچانسک پر دوبارہ قبضہ کرلے گی۔ادھر یوکرین کے دوسرے بڑے شہر خارکیف میں ایک روسی سیکنڈری اسکول میزائل حملے میں تباہ ہو گیا ہے ۔میڈیا نے یہ رپورٹ پیر کو علاقائی حکام کے حوالے سے دی۔سی این این نے ٹیلی گرام پوسٹ میں اولیے سینے ہوبوف کے حوالے سے کہا، “آج صبح چار بجے روس نے خارکیف کے ضلع شیوچینکووسکی پر ایک مہلک میزائل حملہ کیا۔انہوں نے کہا، ”دہشت گردوں نے سیکنڈری اسکول کو نشانہ بنایا ہے ۔ اب امدادی کارکن وہاں سے ملبہ ہٹا رہے ہیں۔”رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مسٹر سینے ہوبوف کے مطابق خارکیف اور دیگر علاقوں میں حملے ہوئے ہیں۔