ماسکو//روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے ناقد اپوزیشن رہنما الیکسی ناولنی کو جعل سازی کیس میں 3 سال قید کی سزا سنا دی گئی، جس کے بعد ان کے حامیوں کی جانب سے گزشتہ ہفتے سے جاری احتجاج میں مزید شدت آ گئی ہے جب کہ مغربی ممالک نے روسی عدالت کے فیصلے پر سخت تنقید کی ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق دارالحکومت ماسکو کی ایک عدالت نے ناولنی کو 2014ء کے جعلسازی کیس میں سزا سناتے ہوئے 3 سال کے لیے جیل بھیج دیا ہے۔ واضح رہے کہ الیکسی ناولنی کو ہتھکڑیاں لگا کر عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔ دریں اثنا ناولنی کے حق میں جاری احتجاجی ریلیوں میں شریک افراد کے خلاف پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ہے اور اس دوران بڑی تعداد میں گرفتاریاں عمل میں لائی گئی ہیں۔