گلبرگہ//کل ہند مجلس تعمیر ملت ضلع گلبرگہ (کرناٹک)کے زیر اہتمام حضرت خواجہ بندہ نوازؒ ایوان اردو انجمن کامپلکس مین روڈ گلبرگہ میں جلسہ استقبال رمضان المبارک و شعری نشست کاکامیاب انعقاد عمل میں آیا۔عبدالجبار گولہ ایڈوکیٹ صدر کل ہندمجلس تعمیر ملت ضلع گلبرگہ نے صدارت کی۔سینئر صحافی عزیز اللہ سرمست رکن مرکزی شوریٰ کل ہند مجلس تعمیر ملت حیدرآباد، سید نثار احمد وزیر بانی ساگر پبلک اسکول گلبرگہ و سابق صدر کل ہند مجلس تعمیر ملت ضلع گلبرگہ، عبدالمقیم سید بارے بانی رینبوپبلک اسکول گلبرگہ، ڈاکٹر حشمت فاتحہ خوانی سابق صدر شعبہ اردو کرناٹک ڈگری کالج بیدر، ڈاکٹر عبدالباری صدر شعبہ اردو پوناڈگری کالج پونا نے مہمانان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔مولانا حافظ قاسم جنیدی کی قرأت کلام پاک سے کارروائی کا آغاز عمل میں آیا۔ الحاج سید امجد سرمست معتمد برائے مذہبی امور کل ہند مجلس تعمیر ملت ضلع گلبرگہ نے نعت خوانی کا شرف حاصل کیا۔ سید نثار احمد وزیر کارگذار صدر کل ہند مجلس تعمیر ملت ضلع گلبرگہ نے خیر مقدمی تقریر کی۔ مولانا مصباح الحسن ہاشمی خطیب و امام مسجد سکندریہ نے خطاب کرتے ہوئے جلسہ استقبال رمضان المبارک کے انعقاد پر تعمیر ملت کے ذمہ داران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے بتایا کہ حضور اکرم ؐ خود رمضان المبارک کا استقبال فرمایا کرتے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کی کئی فضیلتیں قرآن و حدیث میں بیا ن کی گئیں ہیں۔ مولانا مصباح الحسن ہاشمی نے مزید کہا کہ رمضان المبارک میں قرآن مجید کا نزول ہوا ہے ۔ اس لیے مسلمان قرآن مجید کی زیادہ سے زیادہ تلاوت کریں۔ قرآن مجید کی تلاوت سے روح کو تسکین حاصل ہوتی ہے ۔مولانا حافظ سید قاسم بخاری خطیب و امام جامع مسجد سنگتراش واڑی گلبرگہ نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ رمضان کی پہلی رات میں ہی تمام مومنین کی مغفرت کردیتا ہے ، اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ رمضان المبارک کس قدر عظمتوں والا مہینہ ہے ۔ انہوں نے روزہ کو سب سے بڑی عبادت قرار دیتے ہوئے کہا کہ روزہ کا مقصد تقویٰ اختیار کرنا ہے ۔ روزہ میں مسلمان پر چھوٹے بڑے گناہ سے اپنے آپ کو بچاتا ہے یہی تقویٰ ہے ۔ مولانا حافظ سید قاسم بخاری نے مزید کہا کہ رمضان روحانی تربیت وتزکیہ اور غمخواری کامہینہ ہے ۔ اس میں عبادات کے ساتھ ساتھ زکوٰۃ، صدقات کے ذریعہ غریبوں و ناداروں،محتاجوں، مسکینوں کی امداد پر بھرپو توجہ کرنا چاہیئے ۔ بعد ازاں شعری نشست منعقد ہوئی۔ لو مہینہ آگیا رمضان کا،طرح پر سید سجاد علی شاد، ڈاکٹر ماجدداغی، انجینئر سید سخی سرمست، قاضی انور،وحید راز گرمٹکال، مبین احمد زخم، عتیق اجمل وزیر، الیاس ہاشمی صابری،ادریس تسکین صابری نے اصلاحی کلام سناکر سامعین کو بیحد متاثر کیا۔ مبین احمد زخم کنوینر شعری نشست نے نہایت کامیابی کے ساتھ کارروائی چلائی۔ ظہیر شیخ جنرل سیکریٹری کل ہندمجلس تعمیر ملت ضلع گلبرگہ نے مولا نا سید قاسم بخاری،انور سلے دار جوائنٹ سیکریٹری کل ہند مجلس تعمیر ملت ضلع گلبرگہ نے مولانا مصباح الحسن ہاشمی، محمد خواجہ گیسودراز نائب صدر کل ہندمجلس تعمیر ملت ضلع گلبرگہ نے مہمان خصوصی،ڈاکٹر محمد عبدالباری،مقبول احمد سگری جوائنٹ سیکریٹری کل ہند مجلس تعمیر ملت ضلع گلبرگہ نے مہمان خصوصی ڈاکٹر حشمت فاتحہ خوانی، عبدالمقیم سید بارے نائب صدر کل ہند مجلس تعمیر ملت ضلع گلبرگہ نے عبدالجبار گولہ ایڈوکیٹ اور سید نثار احمد وزیر کی گلپوشی و شالپوشی کی۔ سید نثاراحمد وزیر نے عبدالمقیم سید بارے اور مبین احمد زخم کنوینر شعری نشست کی گلپوشی کی۔ ساجد علی رنجولوی آرگنائزنگ سیکریٹری کل ہند مجلس تعمیر ملت ضلع گلبرگہ نے آخر میں شرکت ادا کیا۔