عظمیٰ نیوزسروس
رام بن//پولیس نے امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ہندوستان میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے اور قیام کرنے کے الزام میں ہفتہ کو جموں و کشمیر کے ضلع رام بن میں ایک بنگلہ دیشی خاتون کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ بنگلہ دیش کے ضلع ہیبی گنج کی رہائشی ہپو اختر کے خلاف پولیس کو چندر کوٹ کے کنفر علاقے میں اس کی موجودگی کے بارے میں قابل اعتماد اطلاع ملنے کے بعد مقدمہ درج کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ اختر غیر قانونی طور پر ہندوستان میں بغیر درست پاسپورٹ یا ویزا کے داخل ہوئی تھی۔تصدیق کے دوران پتہ چلا کہ یہ خاتون کنفر کے علاقے میں کچھ دنوں سے مقیم تھی۔جمان نے کہا کہ ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ وہ اپنی شناخت چھپانے کی کوشش کر رہی تھی، جس سے علاقے میں اس کی موجودگی کے مقصد کے حوالے سے “سنگین شک” پیدا ہوا۔انہوں نے کہا کہ ان نتائج کی بنیاد پر، امیگریشن اینڈ فارنرز ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت چندر کوٹ پولیس سٹیشن میں ایک کیس درج کیا گیا ہے، اور مزید تفتیش جاری ہے۔انہوںنے عوام سے اپیل کی کہ وہ چوکس رہیں اور کسی بھی غیر قانونی غیر ملکی کو پناہ، رہائش یا مدد فراہم کرنے سے گریز کریں۔انہوں نے کہا، “لوگوں کو یہ بھی مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ ایسے افراد کے ساتھ ان کی قانونی حیثیت کی تصدیق کیے بغیر کسی بھی قسم کا معاہدہ یا شادی نہ کریں، کیونکہ ایسا کرنے سے قانونی نتائج برآمد ہو سکتے ہیں‘‘۔