رام بن ضلع کے سرکاری سکولوں میں ہچکولے کھاتا تعلیمی نظام پرائمری سکول نکیدھار اْکڑال کی عمارت 6سال قبل تباہ، حکام لاتعلق،بچوںکا مستقبل دائوپر

محمد تسکین
بانہال// ضلع رام بن کے سرکاری سکولوں میں نظام تعلیم مسلسل عدم توجہی کا شکار ہے اور درجنوں سرکاری سکولوں میں اساتذہ اور سکول عمارتوں کی کمی کی وجہ سے متاثر نظام تعلیم آخری ہچکولے لے رہا ہے اور اس کی سزا سرکاری سکولوں میں زیر تعلیم غریب بچوں کو بھگتنا پڑ رہی ہے۔ ضلع رام بن میں تحصیل اْکڑال پوگل پرستان کی پنچایت بنگارا کے وارڈ نمبر ایک میں قائم پرائمری سکول نکیدھار پچھلے چھ سال سے خستہ حال ہوکر رہ گیا ہے اور یہاں زیر تعلیم بچوں کو ایک مقامی شخص کے رہائشی مکان کے ایک کمرے سے چلایا جا رہا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ پرائمری سکول نکیدھار پوگل پرستان کی عمارت قریب چھ سال پہلے تباہ ہوئی ہے اور تب سے اب تک اس دور افتادہ علاقے کے غریب بچوں کے مستقبل کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ پرائمری سکول کی چھت قریب چھ سال پہلے ٹوٹ گئی تھی اور محکمہ تعلیم کی طرف سے اس جانب کوئی توجہ نہ دینے کی وجہ سے یہ سکول عمارت مکمل طور سے تباہ ہوئی ہے اور اس کے در و دیوار موسم کے تھپیڑے جھیلتے جھیلتے نا قابل استعمال ہو کر رہ گئے ہیں۔ تعلیمی زون اْکڑال پوگل پرستان کے گورنمنٹ پرائمری سکول نکیدھار میں قریب 25 بچے زیر تعلیم ہیں جن کو پڑھانے کے لئے دو اساتذہ بھی تعینات ہیں لیکن سکول عمارت کی کمی کی وجہ سے یہاں زیر تعلیم غریب بچوں کی تعلیم بری طرح سے متاثر ہو رہی ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ چھ سال پہلے اس سکول عمارت کے تباہ ہونے کے بعد سے اس اجڑے سکول کے بچوں کو کبھی ایک کے مکان میں اور کبھی دوسرے کے مکان میں منتقل کرنا پڑ رہا ہے جس کی وجہ سے یہاں زیر تعلیم بچوں اور سٹاف کو ناقابل بیان مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور اس کا براہ راست اثر بچوں کی تعلیم پر پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم کی طرف سے کوئی توجہ نہ دینے کی وجہ سے بچے اور والدین پریشان ہیں اور پرائمری سکول نکی دھار کے دور پہاڑی پر واقع ہونے کی وجہ سے بچوں کو کسی نزدیکی سکول میں تعلیم حاصل کرنے کیلئے جانا بھی ناممکنات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی بار اس خستہ حال ہوئی سکول عمارت کا معاملہ محکمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام کی نوٹس بھی میں لایا گیا لیکن کئی بار کی یقین دہانیوں کے باوجود بھی اس طرف کسی نے توجہ نہیں دی ہے۔ اس بارے میں کوشش کے باوجود انچارج زونل ایجوکیشن آفیسر اْکڑال ،جو پرنسپل ہائیر سیکنڈری سکول اْکڑال بھی ہیں ، سے بات نہیں ہوسکی۔