بانہال //رام بن اور بانہال کے درمیان شاہراہ پر بڑھتے سڑک حادثات کو روکنے اور کم کرنے کیلئے محکمہ موٹر وہیکلز نے ٹریفک کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیوروں کے خلاف خصوصی مہم شروع کی ہے اور پچھلے پانچ دنوں میں 1200سے زائد مسافر گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی اور تیز رفتاری، ڈرائیونگ ، اوور لوڈنگ، اوور چارجنگ اور لاپرواہی سے گاڑی چلانے پر 220چالان عائد کئے گئے ۔ موٹر وہیکلز ڈیپارٹمنٹ نے اس خصوصی مہم کے دوران ایک منی بس اور ٹاٹا سومو سمیت کئی گاڑیاں بھی ضبط کی ہیں۔ ڈی سی رام بن مسرت الاسلام بھی جمعہ کی دوپہر سیری میں جاری چیکنگ کے مقام پر پہنچ کر اے آر ٹی او رام بن کے ساتھ گاڑیوں کی جانچ کی اور ڈرائیوروں اور مسافروں کو سڑک حادثات سے بچاﺅ پر بات کی گئی ۔ اے آر ٹی او رام بن شفقت مجید نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہائی وے پر چیکنگ معمول کے مطابق جاری رہتی ہے تاہم رام بن اور بانہال سیکٹر میں شاہراہ پر ایک کے بعد ایک حادثات کے بعد ہائی وے پر چیکنگ تیز کر دی گئی ہے تاکہ ڈرائیوروں کو مثبت انداز اپنانے پر مائل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ خصوصی مہم سڑک حادثات اور شاہراہ پر روزانہ آنے جانے والے ہزاروں مسافروں کی حفاظت کو مد نظر رکھ کر شروع کی گئی۔انہوں نے کہا کہ شاہراہ پر اس مہم کو جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ رام بن۔بانہال سیکٹر میں سڑک کو بلیک ٹاپ کرنے کے بعد ڈرائیور تیز اور لاپرواہی سے گاڑی چلاتے جو جان لیوا حادثات کا سبب بن رہے ہیں۔ شفقت مجید نے مزید کہا کہ گزشتہ پانچ دنوں میں بارہ سو گاڑیوں کو چیک کیا گیا جن میں سے 220 گاڑی والوں کو ٹریفک قوانین کی مختلف خلاف ورزیوں میں چالان کیا گیا ۔ خلاف ورزی کرنے والوں میں اوور اسپیڈنگ، اوور لوڈنگ اور خطرناک ڈرائیونگ کے شامل تھے ۔ انہوں نے کہا کہ بغیر پرمٹ اور بغیر فٹنس کے ایک منی بس ، بغیر دستاویزات اور فٹنس کے ایک ٹاٹا سومو جبکہ اور لوڈنگ اور تیز ڈرائیونگ میں ملوث ہائی گئی ایک مسافر گاڑی کو ضبط کیا گیا یے ۔ واضح رہے کہ پچھلے ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں ناشری اور بانہال کے درمیان سڑک پر آدھ درجن سے زائد حادثات میں چار بچوں سمیت ایک درجن کے قریب مسافر جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ کئی درجن افراد زخمی ہوئے ہیں۔ مسافر بردار گاڑیوں کے بیشتر سڑک حادثات میں ڈرائیوروں اور ایجنٹوں کی لالچ ، لاپرواہی اور تیز رفتاری کو بنیادی وجہ تصور کیا جاتا ہے۔