محمد تسکین
بانہال// تحصیل رامسو کی پنجایت کوٹ تالاب، سجمتنہ میں ریچھ کے ایک حملے میں تین گائیں ہلاک ہوگئی ہیں۔ یہ واردات جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات کو پیش آئی ہے۔ وائلڈ لائف کنٹرول روم اُکڑال کے عہدیداروں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ایک اطلاع ملنے کے بعد وائلڈ لائف کی ایک ٹیم علاقے میں روانہ ہوگئی جہاں گزشتہ رات مقامی شہری رفیق احمد بالی ولد محمد حسین بالی کی تین گائیں ریچھ کے حملے میں ہلاک ہو گئیں ہیں جبکہ دو دیگر گائیں لاپتہ بتائی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ وائلڈ لائف اور فارسٹ پروٹیکشن فورس کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی ہیں اور پورے علاقے میں تلاش آپریشن شروع کیا گیا تاہم جمعہ کی شام تک بھی حملہ آور ریچھ کا کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ وائلڈ لائف کی ٹیم نے متاثرہ شخص کو فوری حفاظتی اقدامات کے تحت پٹاخے بھی فراہم کئے ہیں تاکہ جنگلی جانوروں کو بستیوں سے دور رکھا جا سکے۔ اس کے علاوہ ٹیم نے مقامی لوگوں کو انسانی و جنگلی حیات کے تصادم سے بچاؤ کے لیے بنیادی رہنما اصول بھی فراہم کیے۔مقامی لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ چوکس رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دیں۔ مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ علاقہ کوٹ اور اس کی ملحقہ بستیوں میں جنگلی جانوروں کی موجودگی سے لوگوں میں تشویش ہے اور ایک زمیندار کی تین گائیں ریچھ کے حملے میں ہلاک ہوگئی ہیں۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کی ہیکہ وہ متاثرہ کنبے کو ہوئے نقصانات کا معاوضہ ادا کریں کیونکہ ان گائیوں سے ہی ان کی گھر گرہستی چلتی تھی۔