عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// مرکزی وزیر برائے روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز نتن گڈکری نے انجینئر رشید کے ایک سوال کے تحریری جواب میں کہا ہے کہ رازدان پاس اور مژھل درہ پر مجوزہ ٹنلیںسرمایہ کے حصول کے علاوہ (OTCA) بجٹ کے تحت عمل درآمد کے لیے غور کیا جا رہا ہے۔ رکن پارلیمان کی طرف سے لولاب کپواڑہ، درد پورہ بانڈی پورہ روڈ، لولاب ٹکی پورہ سوپور روڈ، اور مجوزہ مژھل اور گریز سرنگوں کے بارے توجہ طلب کی تھی۔وزیر نے کہا کہ وزارت بنیادی طور پر قومی شاہراہوں سے متعلق ہے اور مجوزہ سڑکوں کو فی الحال قومی شاہراہوں کے طور پر مطلع نہیں کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس معاملے کی جانچ کی گئی ہے اور جیسا کہ بارڈر روڈز آرگنائزیشن کی طرف سے بتایا گیا ہے، رازدان پاس اور مژھل پاس کی سرنگوں کو او ٹی سی اے بجٹ کے لیے غور کیا گیا ہے۔جواب میں یہ بھی بتایا گیا کہ نئی قومی شاہراہوں کے اعلان کی پالیسی مشاورت کے تحت ہے اور نظرثانی شدہ رہنما خطوط اور معیار کو حتمی شکل دینے کے بعد نئی قومی شاہراہوں کی تجاویز پر کارروائی کی جائے گی۔