سمت بھارگو
راجوری//ضلع راجوری کے رتال چوہدری ناڑ گاؤں میں اس وقت غم و اندوہ کی لہر دوڑ گئی جب لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر ضلع کپواڑہ میں پیش آئے ایک دھماکہ خیز واقعہ میں فوج کے ایک بہادر جوان نے اپنی جان قربان کر دی۔ اس افسوسناک واقعہ نے نہ صرف ایک خاندان بلکہ پورے علاقے کو سوگ میں مبتلا کر دیا ہے۔مہلوک فوجی کی شناخت 40 سالہ نائب صوبیدار زبیر احمد ولد محمد اکرم سکنہ رتال چوہدری ناڑ کے طور پر کی گئی ہے۔ زبیر احمدفوج میں گزشتہ 23 برسوں سے خدمات انجام دے رہے تھے اور حال ہی میں انہیں نائب صوبیدار کے عہدے پر ترقی دی گئی تھی۔ وہ اس وقت کپواڑہ ضلع میں لائن آف کنٹرول پر تعینات تھے، جہاں ایک دھماکے کے دوران وہ شدید زخمی ہو گئے۔مرحوم کے چھوٹے بھائی نے روتے ہوئے بتایا کہ پیر کی شام انہیں زبیر احمد کی یونٹ کی جانب سے اطلاع دی گئی کہ لائن آف کنٹرول پر کسی واقعہ میں ان کے بڑے بھائی زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ’ہمیں امید تھی کہ وہ صحت یاب ہو جائیں گے، لیکن منگل کی صبح یہ دل دہلا دینے والی خبر ملی کہ وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے‘۔اہلِ خانہ کے مطابق زبیر احمد ایک نہایت فرض شناس، محنتی اور قوم سے محبت کرنے والے سپاہی تھے، جنہوں نے اپنی جوانی کا بڑا حصہ ملک کی حفاظت میں گزار دیا۔ ان کی شہادت سے گھر کا واحد سہارا چھن گیا ہے۔ مرحوم اپنے پیچھے ایک ضعیف والدہ، بیوی اور تین معصوم بچوں کو چھوڑ گئے ہیں، جن کی آنکھوں سے آنسو تھمنے کا نام نہیں لے رہے۔ہلاکت کی خبر پھیلتے ہی رتال چوہدری ناڑ اور آس پاس کے علاقوں میں سوگ کی فضا قائم ہو گئی۔ ہزاروں کی تعداد میں لوگ مرحوم کے گھر پہنچ رہے ہیں، جہاں وہ اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کر رہے ہیں اورمرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعائیں کر رہے ہیں۔علاقے کے لوگوں کا کہنا ہے کہ زبیر احمد صرف ایک فوجی نہیں بلکہ پورے علاقے کا فخر تھے۔ ان کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ہر آنکھ اشکبار ہے اور ہر زبان پر یہی دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیںجنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور اہلِ خانہ کو یہ عظیم صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے۔