راجوری //جموں وکشمیر پولیس اور دیگر فلاحی تنظیموں و تعلیمی اداروں کی جانب سے راجوری اور پونچھ اضلاع میں متعدد مقامات پر ’سدبھاونا دیوس ‘منایا گیا ۔اس سلسلہ میں متعدد پولیس سٹیشنوں اور سب ڈویژن دفاتر میں پروگرام منعقد کئے گئے ۔اس دوران گور نمنٹ میڈیکل کالج راجوری میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔گورنمنٹ ڈگری کالج درہال ملکاں میں طلباء اور عملے نے 20 اگست کو سدبھاونا دیوس منایا۔ اس موقع پر ڈگری کالج درہال ملکاں نے تمام مذاہب ، زبانوں اور خطوں میں قومی انضمام اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینے کا پختہ عہد لیا گیا۔ کالج کے پرنسپل پروفیسر نے کہا کہ 20 اگست ہر سال تمام مذاہب ، زبانوں اور خطوں میں بھائی چارے اور برادری میں ہم آہنگی اور اتحاد کو فروغ دینے کیلئے سدبھاونا دیوس کے طور پر منایا جاتا ہے۔ پرنسپل موصوف نے کہا کہ ہندوستان جیسے ملک کی ترقی اور ترقی کا انحصار صرف قومی انضمام اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی پر ہے کیونکہ یہ ملک کئی مذاہب اور زبانوں کی سرزمین ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ اس مادر وطن کو نئی بلندیوں پر لے جانے کیلئے تمام اہل وطن کو متحد ہوکر ایک دوسرے کے ساتھ ہم آہنگی اور اتفاق و اتحاد سے کام کرنا ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ کسی بھی صورت میں مذہب اور علاقے کی بنیاد پر ہم اس ملک کو تقسیم نہیں کر سکتے لہٰذا ہندوستان جیسے ملک کیلئے متحدہ کوشش وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ اس پروگرام میں کالج کے طلباء اور متعلقہ عملے کے ارکان کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس سلسلہ میں سرنکوٹ میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران آفیسران نے سد بھاونا دیوس کے سلسلہ میں ایک پروگرام کا اہتمام کیا ۔اس پروگرام میں سب ڈویژن کے اعلیٰ آفیسران نے شرکت کرتعمیر وترقی کے سلسلہ میں اپنا رول ادا کرنے کیلئے عہد کیا ۔