سمت بھارگو
راجوری // جموں و کشمیر کے راجوری ضلع کے گھنے جنگلات میں جاری انسداد ملی ٹینسی آپریشن جو 11ویں دن میں داخل ہو گیا ہے، وائٹ نائٹ کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی)، لیفٹیننٹ جنرل پی کے مشرا نے منگل کو آپریشن شیرووالی کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ حکام نے بتایاکہ کور کمانڈر نے جی او سی کانٹر انسرجنسی فورس رومیو کے ہمراہ آپریشنل صورتحال کا جائزہ لینے اور منجاکوٹ سیکٹر کے جنگلاتی علاقے میں چھپے ہوئے مشتبہ ملی ٹینٹوںکا پتہ لگانے کی کوششوں کا جائزہ لینے کے لیے گمبھیر مغلان کے علاقے کا دورہ کیا۔فوج کے مطابق، لیفٹیننٹ جنرل مشرا کو آپریشنل ڈیزائن، جاری کارروائیوں اور فوجیوں کی طرف سے اٹھائے جانے والے پائیدار اقدامات کے بارے میں بتایا گیا۔
انہوں نے چیلنجنگ خطوں میں کام کرنے والی افواج کی مدد کرنے والے لاجسٹک فریم ورک کا بھی جائزہ لیا۔وائٹ نائٹ کور نے X پر ایک پوسٹ میں کہا”جی او سی، وائٹ نائٹ کور نے، جی او سی سی آئی ایف رومیو کے ہمراہ، آپریشن شیرووالی کی پیش رفت کا جائزہ لینے اور زمینی آپریشنل صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے گمبھیر مغلان کے عمومی علاقے کا دورہ کیا،” ۔فوج نے کہا کہ کور کمانڈر نے فوجیوں کی لچک، پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل کاموں کو باریک بینی سے انجام دینے پر ان کی تعریف کی۔ آرمی نے کہا، “انہوں نے آپریشنل مقاصد کے حصول میں ان کے بلند حوصلے، انتھک توجہ اور فولادی عزم کے لیے تمام صفوں کی تعریف کی۔” انہوں نے مزید کہا کہ وائٹ نائٹ کور مسلسل آپریشنل عمدگی کے ذریعے امن اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے”۔یہ آپریشن 23 مئی کو راجوری ضلع کے ڈوریمل-گمبھیر مغلاں پٹی میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی کے بارے میں انٹیلی جنس معلومات کے بعد شروع کیا گیا تھا۔ سیکورٹی فورسز کی ایک مشترکہ ٹیم کا مشتبہ دہشت گردوں سے رابطہ قائم ہونے کے بعد انکانٹر شروع ہوا ہے۔پیر کے روز، سیکورٹی فورسز نے فائرنگ کے مختصر تبادلے کے بعد علاقے میں ایک خفیہ ٹھکانے کا پردہ فاش کیا اور خون کے دھبوں کا پتہ چلا، جو فرار ہونے والے ملی ٹینٹوں کے ممکنہ زخمی ہونے کی نشاندہی کرتے ہیں۔ تاہم حکام نے بتایا کہ ابھی تک کسی ملی ٹینٹ کو بے اثر نہیں کیا گیا ہے۔