راجوری قتل میں ملوث ملی ٹینٹ کی شناخت کرلی گئی ۔ 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان ، پونچھ میں ایل او سی کے قریب ڈرون جیسی چیز تباہ

سمت بھارگو

راجوری// جموں و کشمیر پولیس نے منگل کو راجوری ضلع میں پیر کو ایک شخص کے گھنائونے قتل میں ملوث ملی ٹینٹ کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کسی بھی قسم کی معلومات کے لیے 10 لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ پیر کو راجوری کے کنڈا گائوں میں محمد رزاق کے گھنائونے قتل سمیت دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے لیے ابو حمزہ کے نام سے شناخت کیے گئے دہشت گرد کے لیے انعام کا اعلان کیا گیا ہے۔شہاہدرہ شریف کے گائوں کنڈا میں دہشت گردی کے حملے میں جاں بحق ہونے والے محمد رزاق کو مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا جس میں علاقہ بھر سے سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ان کے والد محمد اکبر بھی دہشت گردی کا شکار ہوئے تھے ۔ سال 2003 میںملی ٹینٹوں نے ان کا گلا کاٹ دیا تھا۔رزاق کو اپنے والد کے قتل کے بعد ہمدردی کی بنیاد پر محکمہ سماجی بہبود میں تعینات کیا گیا تھا اور وہ محکمہ میں جونیئر اسسٹنٹ کے طور پر کام کر رہا تھا۔ رزاق کا بڑا بیٹا صرف 15 سال کا ہے۔اس سے قبل جب رزاق کی گولیوں سے چھلنی لاش ان کے گھر پہنچی تو علاقے میں کہرام مچ گیا کیونکہ ہر کوئی مرحوم کی روح کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ان کے گھر کا رخ کر رہا تھا۔ مقامی لوگوں کے مطابق وہ ایک شفیق دل اور مدد گار انسان تھا جو لوگوں کو جب بھی ضرورت پڑتی ان تک پہنچنے میں آگے رہتا تھا۔مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ دہشت گرد اپنی شناخت ظاہر کیے بغیر مقامی لوگوں سے پوچھ گچھ کرکے ان کے گھر تک پہنچے تھے۔

 

وہ اس کے گھر میں چھپے ہوئے تھے اور جب رزاق نماز کی ادائیگی کے بعد اندر داخل ہوا تو دہشت گردوں نے اس پر فائرنگ کر کے اسے شدید زخمی کر دیا۔ اسے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں پہنچنے پر اسے مردہ قرار دے دیا گیا۔ان کا خیال تھا کہ دہشت گرد غالباً رزاق کے بھائی طاہر خورشید کی تاک میں تھے، جو ٹیریٹوریل آرمی میں کام کر رہے ہیں، لیکن پولیس اور انتظامیہ کی طرف سے کوئی تصدیق نہیں ہو سکی۔مقتول کی بیوی کا کہنا ہے کہ ایک شخص آیا اور لال حسین کو بلانے کو کہا، میرا شوہر بھی آگیا۔ انہوں نے مجھے 15 لوگوں کے لیے کھانا بنانے کو کہا۔ پھر، وہ گھر کے قریب گئے اور میرے شوہر پر فائرنگ کی، میں نے ایک شخص کو سیاہ کپڑوں اور لمبے بالوں میں دیکھا اور اس کے ساتھ ایک بیگ تھا۔ ہم نے آواز سنی اور وہاں جا کر دیکھا کہ میرا شوہر مر چکا ہے، پھر، وہ بھائی کے پیچھے چلے گئے جو فوج میں ہے۔اس قتل کے سلسلے میں تھانہ منڈی پولیس اسٹیشن میں غیر قانونی سرگرمیاں(روک تھام) ایکٹ (UAPA) کے تحت کیس درج کیا گیا ہے۔ادھر پونچھ ضلع کے مینڈھر علاقے میں بالاکوٹ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول کے قریب ایک ڈرون جیسی چیز کو باڑ کے قریب گرتے ہوئے دیکھا گیا۔پولیس نے بتایا کہ تقریباً3بجکر 15منٹ پر بالاکوٹ سیکٹر میں گورنمنٹ ہائی اسکول دھرتی کے قریب باڑ کے آگے ایک ڈرون نما چیز کو خراب شکل میں گرتے ہوئے دیکھا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ اشیا کے ٹکڑوں کو اکٹھا کر کے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔