رابطہ سڑک پر بچھائی گئی تارکول اکھڑنے کا خدشہ لوہر تا اپر پلانگڑھ روڈ کا نکاسی نظام ٹھیک کرنے کا مطالبہ

عظمیٰ یاسمین

تھنہ منڈی // سب ڈویژن تھنہ منڈی کے پلانگرھ علاقہ سے بڈھانوں ، چند ماہ قبل بدھل بکوری اور مہور جانے والی رابطہ سڑک پر لوہر پلانگڑھ تا اپر پلانگڑھ (نکا نڈیاں ٹاپ) کی بلیک ٹاپنگ کا کام شروع کیا گیا۔ مکینوں کے مطابق سڑک کی بلیک ٹاپنگ کے ساتھ حفاظتی اقدامات نہ کئے جانے کی وجہ سے گورنمنٹ کے خزانے سے لاکھوں روپے کے نقصان کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ بلیک ٹاپنگ کے ساتھ ساتھ حفاظتی اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے سڑک پر ڈالا گیا تارکول چند مہینوں میں ہی اکھڑ گیا ہے جس سے عیاں ہوتا ہے کہ سڑک پر غیر معیاری مواد استعمال کیا گیا ہے۔ مکینوں کے مطابق وزیراعظم گرام سڑک یوجنا کے تحت اس سڑک کو گورنمنٹ کی ایک خطیر رقم سے 2012 میں تعمیر کیا گیا تھا جو ابھی تک تشنہ تکمیل ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس روڈ پر ایک مرتبہ کنکریٹ ڈالا گیا مگر وہ بھی جگہ جگہ سے اکھڑ گیا تھا اور روڈ کی حالت انتہائی خراب ہوچکی تھی سڑک میں جگہ جگہ کھڈے پڑے ہوئے تھے اور نالیاں بند پڑی تھیں۔ پھر اس پر کچھ عرصہ پہلے لوہر پلانگڑھ تا اپر پلانگڑھ (نکا نڈیاں ٹاپ) کی بلیک ٹاپنگ کا کام شروع کیا گیا لیکن اس کام کی تکمیل میں اس قدر غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا گیا ہے کہ کچھ ہی عرصہ میں تار کول اکھڑ رہا ہے اور سڑک خستہ حالی کا شکار ہے۔ مقامی لوگوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ متعلقہ محکمہ کی عدم توجہی کی وجہ سے اس سڑک کا برا حال ہے۔ جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کو دوبارہ سے مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اگر اس جانب فوری توجہ نہ دی گئی تو آنے والے برفباری کے موسم میں یہ سڑک بالکل تباہ ہو جائے گی جس پر سفر کرنا مشکل ہوگا اور سرکاری خزانے سے خرچ کیا گیا لاکھوں روپے کا نقصان بھی ہوگا۔ انہوں نے انتظامیہ سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ محکمے کو اس سڑک کی فوری تکمیل کے احکامات جاری کیے جائیں تاکہ لوگوں کو کسی بھی طرح کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ عوام نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ پی ایم جی ایس وائی کے تحت بننے والی اس سڑک پر بہت سارا کام کرنا باقی ہے لیکن متعلقہ محکمہ کی جانب سے اس طرف کوئی دھیان نہیں دیا جا رہا جو کہ انتہائی افسوس ناک بات ہے۔ انھوں نے کہا کہ سب ڈویژن تھنہ منڈی کی اکثر سڑکوں کا یہی حال ہے جس کی وجہ سے مسافروں اور راہگیروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔